غربت اور دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے مزید صوبے ناگزیر ہیں، عوامی تحریک
نئے صوبوں کے حوالے سے ایم کیو ایم کی قرارداد سنجیدہ غور و فکر
کی متقاضی ہے
ن لیگ بھی مزید صوبے بنانے سے متعلق پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے
خرم نواز گنڈا پور کا عوامی تحریک کی دستور پر نظر ثانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب
لاہور
(14 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے
کہ غربت اور دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے مزید صوبے ناگزیر ہیں۔ ایم کیو ایم کی طرف
سے نئے صوبوں کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کی جانیوالی قرارداد سنجیدہ غورو فکر کی متقاضی
ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا اول روز سے یہ ویثرن ہے کہ غربت، انتہا پسندی کے خاتمے اور
عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے انتظامی بنیادوں پر مزید نئے صوبے بنائے جائیں۔
وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی دستور پر نظر ثانی کرنے کے حوالے سے قائم کی جانیوالی
کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرر ہے تھے۔ اجلاس میں چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید، سنیئر
وکیل انوار اختر ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ، ساجد بھٹی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات
نور اللہ صدیقی نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ہم دکھی دل کے ساتھ یہ کہہ
رہے ہیں کہ موجودہ آئین اور انتظامی ڈھانچہ سیاسی، سماجی، معاشی مسائل میں اضافے کا
باعث ہے اور اس انتظامی بندوبست کے باعث ملک و قوم کو درپیش مسائل حل ہونے کی بجائے
مزید گھمبیر ہو رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ن لیگ نے مزید صوبے بنائے جانے
کے حوالے سے پنجاب اسمبلی سے ایک متفقہ قرارداد بھی پاس کر رکھی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے
کہ ن لیگ کی وفاقی حکومت ن لیگ کی صوبائی حکومت کی اس متفقہ قرارداد کی روشنی میں نئے
صوبے بنانے کیلئے آئینی، قانونی اور انتظامی سطح پر اپنا کردار ادا کرے۔


تبصرہ