حکمران بجلی منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قلعے تعمیر کر رہے ہیں، میجر (ر) محمد سعید
نندی پور منصوبہ عوام اور خزانے پر بوجھ ہے، پاور پلانٹ مہنگی ترین
بجلی دے رہا ہے
عوامی تحریک اپوزیشن کے خلا کو پُر کریگی، چیف آرگنائزر عوامی تحریک
لاہور
(13 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے
کہ حکمران بجلی منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قلعے تعمیر کر رہے ہیں نندی پور منصوبہ
عوام اور خزانے پر بوجھ ہے، نئی مشینری کے باوجود پاور پلانٹ مہنگی ترین پیداوار کیوں
دے رہا ہے ؟ حکمرانوں کے شروع کئے گئے تمام پاور پلانٹس نے پیداوار دینا شروع کر دی
تو انڈسٹری اور خزانہ دونوں تباہ ہو جائیں گے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار
نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ میجر(ر) محمد سعید نے کہاکہ عوام اور صنعت کی ضرورت سستی
بجلی ہے اور سستی بجلی کا خزانہ ہائیڈل پاور منصوبے ہیں مگر ہائیڈل پاور منصوبوں سے
کمیشن نہیں ملتا اس لئے تھرمل، فرنس منصوبوں پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، انہوں نے
کہاکہ رپورٹس کے مطابق نیپرا کو دیگر پلانٹس کی نسبت نندی پور پاور پلانٹ کی بجلی ساڑھے
4روپے فی یونٹ زائد نرخوں پر خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جو کرپشن اور لوٹ مار
کی الگ داستان ہے، انہوں نے کہاکہ نندی پور پاور پلانٹ سفید ہاتھی اور حکمرانوں کی
کرپشن کا اشتہار ہے۔ میجر (ر) محمد سعید نے کہاکہ ملکی دولت کو لوٹا جا رہا ہے مگر
پارلیمنٹ کے اندر کوئی آواز نہیں اٹھا رہا۔ اپوزیشن جماعتیں بھی عوامی مفاد کا تحفظ
کرنے کی بجائے جماعتی مفادات کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک حقیقی
اپوزیشن کے خلا کو پُر کرے گی۔


تبصرہ