پنجاب حکومت ضلعی حکومتوں کے ٹیکس اور فنڈز اورنج ٹرین منصوبے پر خرچ کر رہی ہے، میجر (ر) محمد سعید
اورنج ٹرین منصوبہ، ہزاروں دوکانوں کو مسمار کرنا تاجر وں کا معاشی
قتل ہے، مذمت کرتے ہیں
تاجر برادری مہنگائی، بے روزگاری اور لا قانونیت کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری
کا ساتھ دے
چیف آرگنائزر عوامی تحریک کی لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال اور ملتان سے آئے تاجروں کے وفد
سے ملاقات
لاہور
(9 جنوری 2016) پاکستان عوامی تحریک کے چیف آرگنائزر میجر (ر) محمد سعید نے کہا ہے
کہ پنجاب حکومت، ضلعی حکومتوں کے ٹیکس اور فنڈز اورنج ٹرین منصوبے پر خرچ کر رہی ہے،
حکمرانوں کے میگا پراجیکٹس پر میگا کرپشن کے سکینڈل روز سامنے آ رہے ہیں۔ ہسپتالوں
میں بچے طبی سہولتیں نہ ملنے پر تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں مگر کمیشن خور حکمرانوں کے سروں
پر اورنج ٹرین اور سڑکیں بنانے کا بھوت سوا ر ہے، عوام دشمن حکمرانوں کی نا اہلیوں
کی وجہ غریب عوام کیلئے زندہ رہنا مشکل ہو گیا ہے، کرپٹ حکمرانوں نے کالے دھن کو سفید
کرنے کا طریقہ بھی ایجاد کر لیا ہے۔ غریب عوام اور چھوٹے تاجروں پر طرح طرح کے ٹیکس
عائد کرنے والے ظالم حکمرانوں نے ٹیکس چوروں اور کالا دھن جمع کرنے والوں سے ایک فی
صد وصول کر کے انکو معزز اور محترم ہونے کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کرنا شروع کر دیا ہے،
وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال، اور ملتان سے اائے عوامی
تاجر اتحاد کے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ساجد بھٹی، عارف رضوی، حاجی
اسحق، عارف چوہدری، اور ڈاکٹر تنویر اعظم بھی موجود تھے۔
تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے میجر (ر) محمد سعید نے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اورنج ٹرین کے ترقیاتی منصوبے کے نام پرتاریخی عمارتوں، سینکڑوں مارکیٹوں اور ہزاروں دکانوں کو مسمار کرنا تاجر برادری کا معاشی قتل ہے، جس کو عوامی تحریک کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ تاجر برادری کی احتجاجی تحریک کی حمایت کریں گے اور بھر پور ساتھ دیں گے، انہوں نے کہاکہ نام نہاد ایمنسٹی سکیم قومی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے، اس عوام دشمن سکیم سے ایمانداری سے ٹیکس ادا کرنے والے تاجروں کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ ایمنسٹی سکیم کا اعلان حکمرانوں نے اپنے کالے دھن کو سفید کرنے کیلئے کیا ہے۔ عوامی تحریک تاجر برادری کی خوشحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری بھی ملک سے مہنگائی، بے روزگاری اور لا قانونیت کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کا ساتھ دے، اگر حکمرانوں کی سوچ مثبت ہوتی تو اب تک ملک معاشی بحرانوں سے نکل چکا ہوتا، انہوں نے کہاکہ ہیلتھ انشورنس سکیم اور روزگار سکیم فراڈ اور مال کھانے کا ذریعہ ہیں۔ سستی روٹی، قرض اتارو، ٹریکٹر سکیم اور دانش سکول منصوبے اب کہاں ہیں۔ حکمرانوں کو جلد اربوں، کھربوں کی لوٹ مار اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب دینا ہو گا۔


تبصرہ