سپریم کورٹ سزا یافتہ شخص کو وزیر مملکت بنانے والوں کا محاسبہ کرے:عوامی تحریک
حکمران پی آئی اے، واپڈا، ریلوے سمیت 40 ادارے بیچنے کا ادھار کھائے
بیٹھے ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے کے دوران جو کہا، حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہا ہے
لاہور
(10 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا
ہے کہ سپریم کورٹ سزا یافتہ شخص کو سٹیٹ منسٹر کا درجہ دے کر پی آئی اے پر مسلط کرنے
والے قاتل حکمرانوں کا محاسبہ کرے۔ حکمران پی آئی اے، واپڈا، ریلوے سمیت 40 ادارے بیچنے
کا ادھار کھائے بیٹھے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے دھرنے کے دوران کرپٹ اور نااہل حکمرانوں
کے متعلق جو کہا وہ حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہا ہے۔ اداروں کو نیلام کرنے کیلئے منصوبہ
بندی کے تحت نااہل افراد کو اعلیٰ عہدوں پر مسلط کیا گیا۔ وہ گزشتہ روزسربراہ عوامی
تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی پاکستان آمد کے حوالے سے استقبال کی تیاریوں کے سلسلہ میں
منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری
کا شاندار استقبال کیا جائیگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور وکلاء
سے اہم ملاقات کرینگے۔ 24 دسمبر کو مینارپاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرینگے
اور انکی دیگر سیاسی مصروفیات سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس میں طے کی جائینگی۔
خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ موجودہ حکمران ایک آفت ہیں۔ ایک طرف دھڑا دھڑ قرضے لیکر بچے بچے کا بال قرضوں میں جکڑرہے ہیں، دوسری طرف قومی ادارے نیلا م کر کے قومی اثاثوں کو نجی اثاثوں میں تبدیل کررہے ہیں اور اپنے ہی پیاروں کو بانٹ رہے ہیں۔ منصوبہ بندی کے تحت نااہل افراد کو ادارے نیلام کرنے کا ٹارگٹ دے کر اعلیٰ عہدوں پر مسلط کیا گیا۔ اڑھائی سال کے اقتدار کے بعد آج اداروں کی نااہلی عوام میں بے چینی پہلے سے زیادہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم انقلاب مارچ میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ نکلتی تو آج قوم کی کرپٹ حکمرانوں اور ظالم نظام سے جان چھوٹ چکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ جتنی دیر یہ حکمران مسلط رہیں گے۔ نقصانات کی فہرست طویل ہوتی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکن آج بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کی ایک کال پر ملک و قوم کیلئے جان مال لوٹانے کیلئے پرعزم ہیں۔


تبصرہ