عوامی تحریک کا الیکشن کمیشن کو خط، این اے 154 میں دھاندلی کا نوٹس لینے کا مطالبہ
وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادہ اور 40 ایم پی اے حلقہ میں خرید و فروخت کررہے ہیں
خط عوامی تحریک کے این اے 154 سے امیدور خواجہ عامر فرید کوریجہ نے لکھا
لاہور
(9 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے این اے 154 سے امیدوار اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری
جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے کہ وہ این اے 154 میں
حکومت کی پری پول رگنگ کا نوٹس لیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادہ حمزہ شہباز اور ن
لیگ کے 40 ایم پی اے ضلعی ایڈمنسٹریشن اور پورے لاؤ لشکر کے ساتھ حلقہ میں خرید و فروخت
کررہے ہیں اور سرکاری امیدوار کی انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ مختلف خاندانوں کو 23دسمبر
کے بعد کے اپوائنٹمنٹ لیٹر دئیے جارہے ہیں اور کچھ یونین کونسلوں میں بے روزگار، نوجوانوں
کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومتی ایم پی اے
کو ایک یونین کونسل کا انچارج بنایا گیا ہے جو یونین کونسلوں میں ترقیاتی کام بھی کروارہے
ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ این اے 154 میں اپنا خصوصی نمائندہ بھیجے اسے
حکومتی دھاندلی کے ناقابل تردید ثبوت خود بخود نظر آجائیں گے۔ عوامی تحریک کے مرکزی
سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور، چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید اور مرکزی سیکرٹری
اطلاعات نوراللہ صدیقی نے بھی الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حکومت کی پری پول
رگنگ کا نوٹس لے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے لیکر تاحال الیکشن
کمیشن کو نصف درجن خطوط ارسال کیے مگر کسی ایک پر بھی نوٹس نہیں لیا گیا، الیکشن کمیشن
کے متعلق یہ رائے قائم کرنے پر مجبور ہیں کہ وہ ن لیگ کے سیاسی مفادات کا تحفظ کررہی
ہے۔


تبصرہ