پی آئی اے کی نجکاری ایم سی بی کی طرح کا فراڈ ہے: عوامی تحریک
’’اشرافیہ‘‘ ارب پتی فرنٹ مینوں کو کھرب پتی بنانے کے راستے ڈھونڈتی
رہتی ہے
مزدور رہنماؤں اشتیاق چودھری، شوکت چودھری، فضل واحد کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
لاہور
(9 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا ہے کہ
پی آئی اے کی نجکاری، مسلم کمرشل بنک کی نجکاری کی طرح کا ایک فراڈ ہے۔ ’’اشرافیہ‘‘
ہر دور میں ارب پتی فرنٹ مینوں کو کھرب پتی بنانے کے راستے ڈھونڈتی رہتی ہے۔ عوامی
تحریک پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ہے کیونکہ اس کا براہ راست قومی مفاد اور قومی سلامتی
سے تعلق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک لیبر ونگ کے صدر اشتیاق چودھری
ایڈووکیٹ، مزدور اتحاد کے سیکرٹری جنرل شوکت چودھری، ورکرز یونین کے رہنما فضل واحد
اور واپڈا یونین کے صدر محمد سلیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ قوم کو موجودہ حکمرانوں کی ایمانداری اور دیانتداری پر شک ہے، اس شک کی سب سے بڑی وجہ مسلم کمرشل بینک کی فراڈ نجکاری ہے۔ یہ بینک ایک وفادار کو اونے پونے بیچا گیا۔ 150 میگا سکینڈلز کی فہرست میں مسلم کمرشل بینک کی نجکاری کا فراڈ بھی شامل ہے اور یہ نیب کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قومی اداروں کو ٹھیک کرنے کا مینڈیٹ لیکر آتے ہیں اور پھر ان اداروں کے خسارے میں اضافہ کر کے انہیں اپنے ہی رشتہ داروں اور حاشیہ برداروں کے ہاتھ اونے پونے فروخت کر دیتے ہیں۔ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے جو ادارے خسارے کے باعث بیچے جاتے ہیں جیسے ہی وہ نجی ہاتھوں میں جاتے ہیں تو راتوں رات وہ منافع بخش بن جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کمرشل اداروں کو چلانے میں ناکام حکومت قومی اداروں کی نجکاری کررہی ہے اور دوسری طرف میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبے بنارہی ہیے۔ عوامی تحریک نے مزدور رہنماؤں کو یقین دلایا کہ حکومت کی نجکاری پالیسی کے خلاف لیبر یونین کے ساتھ ملکر احتجاج کرینگے۔


تبصرہ