لنڈے کے کپڑوں پر ٹیکس میں اضافہ شرمناک حرکت ہے: عوامی تحریک پنجاب
وزیر خزانہ کا بس چلے تو داتا صاحب کے لنگر اور بھکاریوں پر بھی
ٹیکس لگا دیں
ن لیگ کی پالیسیاں ملک و قوم کو زمانہ غار کی طرف لے جارہی ہیں
لاہور
(06 دسمبر2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ حکومت کی
طرف سے لنڈے کے کپڑوں پر ٹیکس میں اضافہ شرمناک ہے۔ ن لیگ غریب کے تن سے کپڑا اور پیٹ
سے روٹی نکال رہی ہے۔ وزیر خزانہ کا بس چلے تو یہ داتا علی ہجویری کے لنگر اور بھکاریوں
پر بھی ٹیکس لگا دیں۔ وہ گزشتہ روز جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، شمالی پنجاب کے
صدر بریگیڈئیر (ر) محمد مشتاق کے ہمراہ اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ بشارت جسپال
نے کہا ن لیگ کی پالیسیاں ملک اور عوام کو زمانہ غار کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ شہریوں
کو حرام گوشت کھلانے سے اس کی ابتدا تو ہوچکی ہے۔
جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ اسحاق ڈار نااہل ہی نہیں ایک بے حس شخص بھی ہیں۔ جس وزیر خزانہ کو یہ بھی علم نہ ہو کہ اس ملک کے پچاس فی صد انتہائی غریب خاندان اوران کے بچے لنڈے کے کپڑے پہن کرگزارہ کرتے ہیں ایسے شخص کو ایوان میں نہیں زندان میں ہونا چاہیے۔ وزیر خزانہ قوم سے ہی نہیں بلکہ آئی ایم ایف سے بھی جھوٹ بولتے ہیں۔
شمالی پنجاب کے صدر بریگیڈئیر (ر) محمد مشتاق نے کہا کہ پچاس فی صد آبادی کے پاس کھانے کو کچھ نہیں پہننے کے لیے کپڑے اور سرڈھانپنے کے لیے چھت نہیں اس غریب طبقہ کو لنڈے کے سستے کپڑوں سے بھی محروم کرنا خدا کا قہر ہے۔ حکمران غربت نہیں غریب کو ختم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ان ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے 70دن دھرنا دیا مگر پاکستان کے غریب عوام نے باہر نکلنے کی بجائے گھروں میں بیٹھ کر فقط تماشہ دیکھا۔ آج اس کا ردعمل سامنے آرہا ہے کہ حکمران غریب کو لنڈے کے سستے کپڑوں سے محروم کر رہے ہیں۔


تبصرہ