گیس کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کی تو بچوں سمیت احتجاج کرینگی: عوامی تحریک ویمن ونگ
نااہل اور بے حس حکمرانوں نے چولہے بھی ٹھنڈے کر دئیے، عائشہ مبشر،
افنان بابر، عائشہ قادری
بڑے دفاتر اور بچے سکولوں میں ناشتہ کیے بغیر جارہے ہیں، غریب کا جینا مشکل ہو گیا،
رہنما
لاہور
(5 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات عائشہ مبشر
نے کہا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو بچوں سمیت احتجاج کرینگی۔ نااہل حکمرانوں
نے چولہے ٹھنڈے کر دئیے۔ بڑے دفاتر اور بچے ناشتہ کیے بغیر سکول جارہے ہیں۔ جعلی جمہوریت
میں غریب کا سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ
میں عہدیدار خواتین کے ایک اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر افنان بابر، عائشہ قادری بھی
موجود تھیں۔ عائشہ مبشر نے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ سمیت بجلی، گیس فراہم کرنے
میں ناکام حکمرانوں کواقتدار پر مسلط رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ گرمیوں میں بجلی
اور سردیوں میں گیس غائب کر دی جاتی ہے۔ عوام کو بنیادی اشیاء فراہم کرنے کی بجائے
کرپٹ حکمران میگاپراجیکٹس اور میگا کرپشن کے منصوبے بناتے رہتے ہیں۔ جس طرح ملک چلایا
جا رہاہے اگر حکومت کا وجود نہ ہو تو اس سے بہتر ملک چل سکتا ہے کیونکہ گیس بجلی کے
بحران اور مہنگائی کی بڑی وجہ یہ نااہل حکمران ہیں۔ افنان بابر نے کہا ہے کہ لاہور
سمیت 70فیصد دیہاتی علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔ لکڑی، مٹی کے تیل
اور ایل پی جی کی قیمتوں میں راتوں رات اضافہ ہو گیا ہے۔ گرمی میں شدت آئے یا سردی
میں اس کی سزا صرف غریب بھگتتے ہیں۔ خواتین رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ گھریلو صارفین
کو ترجیحاً گیس مہیا کی جائے اور مٹی کے تیل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔
ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


تبصرہ