معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ اور کوٹا کے مطابق ملازمتیں دی جائیں: عوامی تحریک
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرم حکمرانوں نے معذوروں پر تشدد کی شرمناک
تاریخ رقم کی
عالمی دن کے موقع پر اجلاس، خرم نوازگنڈاپور، جی ایم ملک، فرح ناز و دیگرکا خطاب
لاہور
(3 دسمبر 2015) معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام
مرکزی سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم
نوازگنڈاپور نے کہا کہ بیروزگار معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ اور مقرر شدہ کوٹہ کے
مطابق ہر محکمے میں ملازمتیں دی جائیں۔ افسوس پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں معذور افراد
کا ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے کوئی سروے نہیں کروایا گیا اور نہ ہی حکمرانوں کے پاس کوئی
مصدقہ ریکارڈ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرم حکمرانوں نے معذوروں پر بھی تشدد کرنے کی
شرمناک تاریخ رقم کی۔ اجلاس سے بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، جی ایم ملک، فرح ناز، جواد
حامد، نوراللہ صدیقی، طاہرہ خان، عائشہ مبشر، افنان بابر، انیلہ الیاس، عائشہ قادری،
میمونہ الیاس نے شرکت کی۔
خرم نوازگنڈاپو رنے کہا کہ حکمرانوں کے ترقیاتی منصوبوں میں معذور افراد کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ یہاں تک کہ صوبہ پنجاب کے سب سے بڑے آئینی ایوان پنجاب اسمبلی میں کوئی معذور رکن اسمبلی داخل نہیں ہو سکتا۔ افتخار گیلانی ایک معذوررکن اسمبلی جب تک اسمبلی کے رکن رہے اس تکلیف سے دو چاررہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے ترقیاتی انفراسٹرکچر میں معذوروں کی ضروریات کا خیال نہیں رکھا جاتا۔ میٹرو بس منصوبہ بطور ثبوت پیش کیا جا سکتا ہے کہ چند مقامات پر چڑھنے کیلئے الیکٹرانک چیئرز نصب کی گئیں مگر اترنے کیلئے نہیں۔ معذور بچوں کے والدین عمر بھر اپنے بچوں کے غیر محفوظ مستقبل کے خوف میں مبتلا رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں اپنے آئینی حقوق کی بازیابی کیلئے نابیناؤں اور معذور افراد کو بھی بارہا مال روڈ پر دھرنا دینا پڑا مگر حکمرانوں کی سفاکیت کا یہ عالم ہے کہ بار بار وعدہ کے باوجود انہیں پورا نہیں کیا۔ ابھی حال ہی میں نابینا افراد نے ہائیکورٹ کے حکم پر وظیفہ کی ادائیگی کرنے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر نابینا افراد نے ڈی سی او لاہور کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خدا کا خوف کریں۔ معذور افراد کو بھی انسان سمجھیں۔ بیانات کے ذریعے جھوٹ بولنے کی بجائے عملاً معذور افراد کے مسائل حل کریں۔


تبصرہ