وزیراعلیٰ سندر فیکٹری کے جاں بحق مزدوروں کو وعدہ کے مطابق امداد دیں: عوامی تحریک
اعلان کردہ مالی امداد نہ دی گئی تو لیبر یونینز سے ملکر وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے:اشتیاق چودھری
لاہور
(26 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک لیبر ونگ کے مرکزی رہنما اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ
نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سندر فیکٹری کے متاثرہ خاندانوں کو وعدہ
کے مطابق مالی مدد دیں۔ جاں بحق ہونیوالے مزدوروں کے لواحقین کو اعلان کردہ مالی مدد
نہ دی گئی تو صوبہ بھر کی لیبر یونینز سے ملکر وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے۔ وہ
گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں واپڈا، ریلوے یونین کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔ اشتیاق
چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ سندر فیکٹری کے انہدام کے نتیجے میں 54 کے قریب مزدور موقع
پر جاں بحق ہو گئے تھے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے فی کس 20 لاکھ مالی مدد دینے کا اعلان
کیا تھا مگر تاحال اس اعلان پر عمل نہیں ہوا اور مظلوم خاندان پنجاب حکومت کی طرف دیکھ
رہے ہیں۔ لیبر یونینز کے رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ایسے امدادی چیک دینے میں مشہور
ہیں جو کیش نہیں ہوتے تاہم سندر فیکٹری کے مزدوروں کے ساتھ کیا گیا وعدہ پورا نہ ہوا
تو احتجاج کا راستہ اختیار کرینگے۔ اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ سندر فیکٹری کا
واقعہ پنجاب حکومت کے لیبر ڈیپارٹمنٹ کی نااہلی اور نالائقی کا نتیجہ ہے۔ سرکاری ادارے
کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف رہتے ہیں انہیں انسانی زندگی کے تحفظ اور قوانین پر عملدرآمد
کروانے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔


تبصرہ