عوامی خدمت ہمارا منشور، غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ پیر سید خضر مرتضیٰ گردیزی

ملتان (23 نومبر 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل بنگل والہ پیر سید خضر مرتضیٰ گردیزی نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا منشور صرف اور صرف عوامی خدمت ہے۔ ہم غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑنے کیلئے میدان میں نکلے ہیں۔ اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کو ان کے حقوق نہ دلالیں۔ انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈرائینگ روم کی سیاست کا خاتمہ کردیا ہے اور اب وہ سیاستدان بھی عوام کے کٹہرے میں حاضر ہوتے ہیں جو پہلے صرف اپنے ڈیروں پر بیٹھ کر عوام کی قسمت کا فیصلہ کردیا کرتے تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی رہنما رائو محمد عارف رضوی نے کہا کہ حکومت نے اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز اور حکومتی مشنری کے ذریعے پری پول رگنگ شروع کردی ہے مگر تمام تر حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان عوامی تحریک ہی فاتح ہوگی۔ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنا ووٹ سوچھ سمجھ کر استعمال کرے تاکہ بعد میں پچھتانا نہ پڑے۔ اس موقع پرامیدوار وائس چیئرمین ملک اختر روانی، امیدوار جنرل کونسلر مظہر بلوچ نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میںظفر حسین، علی احمد کھرل، شہباز علی مانگٹ، قمر عباس، غلام عباس، اللہ دتہ، مہر نور محمد اور دیگر نے بھی شرکت کی۔


تبصرہ