حکمران عوام کے جان و مال کی بجائے صرف مال کا تحفظ کر رہے ہیں، عوامی تحریک
فرانس نے 36گھنٹوں میں آئین میں 26 تبدیلیاں کیں، ہمارا قومی ایکشن پلان معطل ہے، رہنماء
لاہور
(22 نومبر2015) پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر رہنماؤں میجر (ر) محمد سعید، بشارت جسپال
اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ فرانس میں
دہشتگردی کے واقعہ کے بعد 36گھنٹے کے اندر 26ترامیم ہوئیں اور دہشت گردی میں ملوث 3ملزمان
کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا، جبکہ ہمارے نام نہاد جمہوری حکمران ایک سال گزر جانے
کے بعد بھی نیشنل ایکشن پلان کے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں اور عوام کے جان و مال کی بجائے
صرف مال کا تحفظ کر رہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ فرانس میں انتظامیہ نے 36 گھنٹوں میں
414ریڈ کئے، 30ہزار پولیس اہلکاروں پر مشتمل ریپڈ فورس تشکیل دی، ایمرجنسی لگا کر چپے
چپے کو سرچ کیا اور سانحہ کے تمام کرداروں کو شناخت کیا۔ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ میڈیا،
تمام جماعتیں اور طبقات، انسانی حقوق کی تنظیمیں فرانس دہشت گردی کے بعد ایک صفحہ پر
ہیں اور دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی قیادت سول حکومت کے ہاتھ میں ہے، فرانس نے بہترین
سفارتکای کے ذریعے دہشتگردی کی نئی لہر کے خاتمہ اور داعش کے خلاف متفقہ جدوجہد کے
حوالے سے یو این کی قومی سلامتی کی طرف سے قرارداد منظور کرائی، مگر بد قسمتی سے پاکستان
میں 10سال میں دہشتگری کا جن 50ہزار سے زائد جانیں نگل گیا۔ قومی سلامتی کے متعلق کوئی
ایسا ٹارگٹ نہیں جس پر دہشت گرد حملہ آور نہ ہوئے ہوں۔ متفقہ قومی ایکشن پلان کی منظوری
کے بعد بھی حکومت اور فورسز ایک پیج پر نہیں ہیں اور دہشتگرد مسلسل خون کی ہولی کھیلنے
میں مصروف ہیں اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد معطل ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اقتدار
کی مصلحتوں سے باہر نکلیں اور قومی ایکشن پلان پر عمل کریں، دہشتگردی کو ختم کئے بغیر
امن اور خوشحالی نہیں آئے گی۔


تبصرہ