اٹالین اخبار کے اسلام بارے توہین آمیز الفاظ قابل مذمت ہیں: ترجمان عوامی تحریک
اسلام میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں، انتظامیہ کا رویہ اخلاقی دیوالیہ پن ہے، معافی مانگے
لاہور
(18 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے اٹلی کے اخبار کی طرف سے مسلمانوں
کے بارے میں من حیث القوم نازیبا الفاظ کو شہ سرخی کا حصہ بنانے کی شدید الفاظ میں
مذمت کی ہے اور اخبار کی انتظامیہ کی اس حرکت کو ان کے اخلاقی دیوالیہ پن، بین الاقوامی
صحافتی اقدار کی نفی اور اسلام کے بارے میں ان کی لاعلمی سے تعبیر کیا ہے۔ ترجمان نوراللہ
صدیقی نے کہا کہ دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور اسلام اور انسانیت کے ان
دشمنوں کی کارروائیوں کا سب سے زیادہ نشانہ مسلمان بنے اور عالم اسلام کے جید علمائے
کرام نے دہشتگردی کی مکروہ کارروائیوں کی کھلے عام مذمت کی اور خودکش حملوں کے خلاف
فتویٰ دیا۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشتگردوں کو اسلام سے خارج قرار
دیا ہے۔ ان کے 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ کا اٹالین زبان میں بھی ترجمہ موجود ہے۔ اخبار
کی انتظامیہ اس کا مطالعہ بھی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو گالی دینے والے اس منفی
رویے کا فائدہ دہشتگرد اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹالین اخبار نے ایک ارب سے زائد
مسلمانوں کی دل آزاری کی وہ اس پر معافی مانگے۔


تبصرہ