آرمی چیف کے دورہ امریکہ سے قبل نواز حکومت کاجارحانہ رویہ لمحہ فکریہ ہے: بشارت جسپال
پینٹا گون کے حوالے سے آرمی چیف کے دورہ کی خبر تحقیق طلب ہے:رہنما عوامی تحریک
لاہور
(13 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، ڈپٹی چیف آرگنائزر
شہزاد نقوی اور جنرل سیکرٹری پنجاب مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے
کہ نواز حکومت منصوبہ بندی کے تحت آرمی چیف کے دورہ امریکہ کی اہمیت کو کم کرنے اور
اسے ایک معمول کا دورہ ثابت کرنے کیلئے غیر محسوس طریقہ سے زہریلے پراپیگنڈہ میں مصروف
ہے۔ آرمی چیف کے دورہ امریکہ سے قبل حکومتی ترجمان کا طنزیہ بیان حکومت کا جارحانہ
لب و لہجہ اور وزیراعظم کی خاموشی بلاجواز نہیں ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پینٹا گون کی
حوالے سے شائع ہونے والی مبینہ خبر کہ آرمی چیف اپنی خواہش پر آرہے ہیں تحقیق طلب ہے۔
وزارت خارجہ اور آرمی آفیشلز کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ آرمی چیف کے دورہ سے قبل اس
طرز کے منفی پراپیگنڈہ پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے اور یہ منفی تاثر زائل کرنا
اس لیے بھی ضروری ہے کہ آرمی چیف کے دورہ امریکہ کے موقع پر انڈین وزیر دفاع بھی واشنگٹن
میں ہو گا اور آرمی چیف کا یہ دورہ خطہ کے امن، پاک امریکہ سٹرٹیجیکل ریلیشن شپ، بھارت
کی تازہ ترین ’’کولڈسٹارٹ ڈاکٹرائن ‘‘کے تحت جارحانہ اقدامات کے ضمن میں انتہائی اہمیت
کا حامل ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ نواز حکومت اس خوف کے تحت آرمی چیف کے دورہ امریکہ کو
ایک معمول کا دورہ ثابت کرنے کی سوچ رکھتی ہے کہ کہیں وزیراعظم کے ناکام دورہ امریکہ
پر آرمی چیف کا دورہ زیادہ اہمیت نہ اختیار کر جائے۔ حکومت جو پہلے ہی بیڈگورننس کے
باعث شدید عوامی ردعمل کا شکار ہے اس کیلئے مزید سیاسی مشکلات پیدا نہ ہو جائیں؟ رہنماؤں
نے کہا کہ حکومتی ترجمان نے کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ پر جو جارحانہ رویہ اختیار
کیا ہے اس کا بنیادی مقصد واشنگٹن کو یہ پیغام دینا تھا کہ آرمی چیف کی ایما پر سویلین
حکومت سے کوئی بڑی توقعات وابستہ نہ کی جائیں۔


تبصرہ