مرکزی رہنماحنیف مصطفوی کے خلاف جھوٹا مقدمہ خارج کیا جائے، عوامی تحریک
بلدیاتی الیکشن کے بعد حکمران جماعت کی فرعونیت میں اضافہ ہو
گیا، سینئر رہنماؤں کی مذمت
انتقامی کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو کارکنوں کے دفاع کیلئے سڑکوں پر آئیں گے
لاہور (01 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سنیئر رہنماؤں نے مرکزی چیف
آرگنائزر اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے دست راست حنیف مصطفوی اور انکے بھائی کے خلاف
تھانہ صدر فیصل آباد میں درج ہونے والے جھوٹے مقدمے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے
ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں حکومتی امیدواروں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر ن
لیگی ایم این ایز نے ہمارے عہدیداروں اور کارکنوں کے خلاف روایتی تھانہ کچہری کی
انتقامی سیاست شروع کر دی ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ ہم آئی جی پنجاب اور ڈسٹرکٹ فیصل
آباد انتظامیہ سے کہتے ہیں کہ وہ ان انتقامی کارروائیوں کا نوٹس لیں ورنہ ہمارے
کارکن اپنے عہدیداروں کے وقار، دفاع اور انصاف کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہونگے،
تھانہ صدر فیصل آباد میں جھوٹا مقدمہ ن لیگی ایم این اے عبد المنان نے درج کروایا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید اور
صوبائی صدر پنجاب بشارت جسپال نے حنیف مصطفوی کے خلاف درج ہونے والے جھوٹے مقدمے کی
شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مقدمہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان عوامی
تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن کے بعد
حکمران جماعت کی طرف سے صوبہ بھر میں ہمارے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں
شدت آ گئی ہے اس حوالے سے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کا آج ہنگامی اجلاس بلا لیاہے جس
میں حکمران جماعت کی انتقامی کارروائیوں اور لا قانونیت کی روک تھام کیلئے حکمت
عملی طے کی جائیگی۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ ن لیگی غنڈوں نے بلدیاتی الیکشن کے
دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کو بھی قتل کیا اور انتقامی کارروائیوں کا یہ سلسلہ
دن بدن بڑھ رہا ہے اگر اسے یہیں پر نہ روکا گیا تو اسکے صوبہ کے لاء اینڈ آرڈر پر
انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے، انہوں نے کہاکہ ن لیگ ایک فاشسٹ جماعت کے طور پر
سامنے آئی ہے اور پولیس کو ہٹلرکی گسٹاپو فورس کے طور پر سیاسی مخالفین کے خلاف
استعمال کیا جا رہاہے۔ ہم ن لیگ کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔ ماڈل
ٹاؤن میں بھی انکی غنڈہ گردی اور دہشت گردی کا سامنا کیا مگر ہمارے موقف میں کمزوری
نہیں آئی اور نہ آئندہ حکومتی اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرائیں گے۔ ن لیگ کا اقتدار اور
طاقت کا نشہ پولیس اور پٹواریوں کا مرہون منت ہے۔


تبصرہ