گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں حکمرانوں کی مقبولیت کہاں چلی گئی تھی؟ ڈاکٹر طاہرالقادری
اس نظام میں تھانہ کچہری پر کنٹرول رکھنے والی جماعت مینڈیٹ
چرالیتی ہے
انتخابی عمل کا حصہ بننے والے کارکنوں نے فرعونوں کی آنکھ میں آنکھ ڈالی، گفتگو

لاہور (01 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ جب تک موجودہ دھاندلی زدہ نظام ہے، عوام کا مینڈیٹ ہائی جیک ہوتا رہے گا، اس نظام میں وہی جماعت بلدیاتی الیکشن جیتتی ہے تھانہ کچہری جس کے کنٹرول میں ہوتے ہیں۔ آج کی نام نہاد ’’مقبول‘‘ حکمران جماعت کی 2001 اور 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں مقبولیت کہاں چلی گئی تھی؟ تھانیداروں اور پٹواریوں کی چھتری کے نیچے ووٹ ڈالے اور نکالے گئے، ووٹرز کا کردار صرف تماشائی کا رہ گیا ہے۔ وہ گذشتہ روز بلدیاتی الیکشن کی انتخابی مہم کے ذمہ داران میجر (ر) محمد سعید، بریگیڈئر (ر) محمد مشتاق، بشارت جسپال اور فیاض وڑائچ سے ویڈیو لنک پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے پہلے مرحلہ کے انتخابی عمل میں حصہ لینے والے عوامی تحریک کے کارکنوں کو انکی جرات و بہادری پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمارے غریب کارکنوں نے الیکشن میں حصہ لے کر وقت کے فرعونوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالیں، اس پر عظیم کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ 2001 اور 2005 کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی تحریک لاہور میں دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی۔ ہمارے 4 سو سے زائد کونسلرز اور ناظمین، نائب ناظمین منتخب ہوئے تھے اور آج کی نام نہاد ’’مقبول لیگ‘‘ کے 80فی صد نمائندوں کی ضمانتیں ضبط ہو گئی تھیں، یہ لوٹ کھسوٹ کے نظام کے سرپرست جب بھی اقتدار سے باہر ہوں گے انہیں کھڑے کرنے کیلئے امیدوار بھی نہیں ملیں گے جیسے 2002 کے عام انتخابات میں پوری قوم نے دیکھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کارکن اس ظالم اور قاتل نظام کے خلاف اپنی جدوجہد تیز کر دیں اس فرعونی اقتدار اور نظام کے گنے چنے دن باقی رہ گئے ہیں جب دیا بجھنے کو آتا ہے تو اس کی لُو بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے سینئر رہنما حنیف مصطفوی کے خلاف فیصل آباد کے تھانے میں درج جھوٹے مقدمے اور ایف آئی آر کی مذمت کی اور پتوکی واں آدھن میں عوامی تحریک کے کارکن اصغر پر تشدد کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اقتدار کے نشے میں اندھے ہو چکے ہیں اور ہمارے کارکنوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں یہ انتقامی کارروائیاں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظالم کا تسلسل ہیں۔ انہوں نے سنیئر رہنماؤں سے کہا کہ وہ حکمرانوں کی دھاندلی کو میڈیا پر بے نقاب کریں اور اس دھاندلی کا مقابلہ کرنے کیلئے کارکنوں کی تربیت بھی کریں۔ سربراہ عوامی تحریک نے کوئٹہ مستونگ میں ٹرین پر دہشت گرد حملہ اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔


تبصرہ