ووٹرز فہرستوں میں 11 لاکھ کا فرق الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے:میجررمحمد سعید
غیر جانبدار بلدیاتی الیکشن کا انعقاد مشکوک ہو چکا، چیف کوآرڈینیٹر الیکشن مہم عوامی تحریک
لاہور
(30 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر اور لاہور کے بلدیاتی انتخابی
مہم کے انچارج میجر(ر) محمد سعید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا کردار دن بدن مشکوک
ہوتا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن کی فہرستوں میں 11 لاکھ ووٹوں کا فرق لمحہ فکریہ ہے۔ ابھی
تک ہمارے امیدواروں کو دستخط شدہ فہرستیں نہیں مل رہیں۔ الیکشن کمیشن کا عملہ اپنی
سیٹوں سے غائب ہے۔ غیر جانبدار بلدیاتی الیکشن کا انعقاد مشکوک ہو چکا ہے۔ عدالت کی
طرف سے غیر حتمی نتائج جاری کیے جانے کے حوالے سے ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے
ہیں۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں گلبرگ ٹاؤن کے امیدواروں کے ایک اجلاس سے خطاب
کررہے تھے۔ میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی پہلی دستاویز کے مطابق کل
رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دو کروڑ 85 ہزار 3 سو29جبکہ دوسری دستاویز کے مطابق کل رجسٹرار
ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 79 لاکھ 78 ہزار 1 سو 36 ہے۔ اس طرح دونوں دستاویزات میں مرد
ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ 86 ہزار 48 ووٹرزجبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد میں 5 لاکھ
21 ہزار1سو 45 ووٹرز کا فرق سامنے آیا۔ اعداد و شمار میں کھلے تضاد سے الیکشن کمیشن
کی کارکردگی اور بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی
فہرستوں میں اس تضاد کو عدالت میں چیلنج کرنے پر غور کررہے ہیں۔


تبصرہ