عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی آر او حکومت کیلئے کام کر رہے ہیں، عوامی تحریک
بھکر میں سازش کے تحت الیکشن سے ایک روز قبل ہمارے امیدوار کو انتخابی عمل سے باہر کرایا گیا
لاہور
(30 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ آر او بھکر سیف اللہ
نے حکمران جماعت کے امیدواروں کے ایما پر ہمارے مضبوط امیدوار کے کاغذات نامزدگی میں
ردو بدل کر کے انہیں انتخابی عمل سے باہر کر دیا۔ ریٹرننگ افسر سیف اللہ کے اس غیر
قانونی اقدام کو عدالت میں چیلنج کرینگے۔ گزشتہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات
میں آر اوز ن لیگ کے حق میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال
کرتے ہوئے اپوزیشن کے امیدواروں کیلئے مشکلات کھڑی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے وضاحت کرتے
ہوئے کہاکہ وارڈ نمبر 6 بھکر سے عوامی تحریک کے مضبوط اور مقبول امیدوار ظفر اقبال
جمالی نے وارڈ نمبر 6 کاغذات نامزدگی جمع کروا ئے سکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کے بعد
ظفر اقبال کو موٹر سائیکل کا نشان بھی الاٹ کر دیا گیا۔ اب الیکشن سے ایک روز قبل ایک
سازش کے تحت ہمارے امیدوار کو وارڈ نمبر 4 کا امیدوار قرار دے کر اس کے کاغذات مسترد
کر دئیے گئے جو آر او کی بدنیتی اور ملی بھگت ہے۔ آر او کی اس کھلی لاقانونیت اور دھاندلی
کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔


تبصرہ