عوامی تحریک کے امیدوار لاہور کی 29 یونین کونسلوں میں چیئرمین کی سیٹوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں
پہلے مرحلہ کے انتخابات میں دیگر اضلاع سے 150 پینلز موٹر سائیکل
کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں
انتخابی مہم کے آخری لمحے تک پنجاب حکومت ترقیاتی فنڈز بانٹتی رہی، رہنما عوامی تحریک
پاکستان
عوامی تحریک لاہور کے رہنماؤں راجہ زاہد، عارف چوہدری، الطاف رندھاوا نے کہا ہے کہ
عوامی تحریک کے امیدوار لاہور کی 29 یونین کونسلوں میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی
سیٹوں پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ 200 سے زائد جنرل کونسلر کی نشستوں پر الیکشن
لڑ رہے ہیں اور 100 سے زائد یونین کونسلوں میں دیگر جماعتوں سے مل کر الیکشن لڑ رہے
ہیں تاہم کسی بھی جگہ پر ن لیگ کے ساتھ ہمارا کوئی امیدوار مل کر الیکشن نہیں لڑ رہا،
راجہ زاہد نے کہاکہ اگر کہیں سے کوئی ایسی شکایت ملی تو ایسے کارکنوں کے خلاف سخت کارروائی
عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ لاہور میں ہر گلی میں انتخابی مہم کے آخری لمحے
تک پنجاب حکومت ترقیاتی کام کرواتی رہی، قومی خزانے کو سیاسی رشوت کے طور استعمال کیا
جا تا رہا، انتخابی قوانین کی بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن کو آگاہ کرتے رہے مگر کوئی
کارروائی نہیں ہوئی، انہوں نے کہاکہ انشا اللہ تعالیٰ عوامی تحریک کے امیدوار لاہور
سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوں گے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل
سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے کہاکہ پہلے مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات میں لاہور
کے علاوہ دیگر اضلاع میں 150پینلز، موٹر سائیکل کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں اور 25سو
سے زائد امیدوار جنرل کونسلر کی نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ عوامی تحریک 180یونین
کونسلوں میں تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں سے مل کر الیکشن لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ
جس طرح لاہور میں پنجاب حکومت نے انتخابی قوانین کی دھجیاں اڑائیں اسی طرح دیگر اضلاع
میں بھی پنجاب حکومت من مانیاں کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن اپنی اتھارٹی قائم کرنے میں
ناکام رہا۔


تبصرہ