الیکشن سے قبل ییلو کیب سکیم کا اجراء بد ترین دھاندلی ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین
حکمران پولیس اور پیسے سے بلدیاتی الیکشن ہائی جیک کر رہے ہیں،
یوسی 82 اور 173 میں خطاب
عوام ایماندار اور خدمت پر یقین رکھنے والوں کو ووٹ دیں، میجر (ر) محمد سعید، راجہ
ندیم

لاہور (28 اکتوبر 2015) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے یو سی 82 اچھرہ اور یوسی 173گڑھی شاہو میں عوامی تحریک کے چیئرمین کے امیدوار راجہ ندیم کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن سے 3روز قبل ییلوکیب سکیم کا اجرا بد ترین دھاندلی ہے، الیکشن کمیشن کہاں ہے؟۔ اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری ہو رہے ہیں، حکمران پولیس پیسے کے ذریعے بلدیاتی انتخابات ہائی جیک کر رہے ہیں۔ میجر(ر) محمد سعید، شہباز بھٹی، راجہ ندیم، عابد رشید ایڈووکیٹ، ڈاکٹر ثاقب شمس، قاضی فیض نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ملازمت میں توسیع بھی سیاسی رشوت کا حصہ ہے۔ حکمران تنقید کرنے والوں کو آج بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام موٹر سائیکل پر مہر لگائیں اور ایسا ایماندار امیدواروں کو ووٹ دیں جو عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، عوامی تحریک با اختیار بلدیاتی اداروں، رشوت سے پاک سرکاری داروں، ظلم سے پاک تھانوں کا وعدہ کرتی ہے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ عوام کا پیسہ عوام کی بہبود پر خرچ کریں گے۔ تعلیم، صحت کا پیسہ میٹرو بس اور اورنج لائن منصوبوں پر خرچ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ نے 30سال میں سیاسی سماجی بحرانوں کو جنم دیا، ادارے تباہ کئے، اب اسے مزید موقع دینے کا مطلب بہتری کی امیدیں ختم کرنے کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے جدوجہد ظالم نظام کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔


تبصرہ