ن لیگ والے پولیس سے ملکر امیدواروں کو ہراساں کر رہے ہیں، عوامی تحریک
گجرات، فیصل آباد، اوکاڑہ، لاہور میں کارکنوں کو قتل کی دھمکیاں
مل رہی ہیں، خواجہ عامر فرید کوریجہ
آئی جی پولیس کو حکمران جماعت کا سیاسی آلہ کار بننے سے روکیں، بشارت جسپال، شہزاد
نقوی
لاہور
(27 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید
کوریجہ، صوبائی صدر بشارت جسپال اور ڈپٹی چیف آرگنائزر سید شہزاد حسین نقوی نے کہا
ہے کہ پولیس اور ن لیگ والے ہمارے بلدیاتی امیدواروں کو ہراساں کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ
گجرات، منگوال، کیرانو الہ یو سی سے ہمارے چیئرمین کے امیدوار ابرار حسین کا ن لیگ
کے مسلح غنڈوں نے گھر سے نکلنا بند کر دیا اور انہیں دست بردار ہونے پر مجبور کر
رہے ہیں، تھانہ کنجاہ پولیس کو تحفظ کیلئے تحریری درخواست دی مگر کوئی کارروائی
نہیں ہوئی۔ خواجہ عامر فرید نے کہاکہ پولیس ن لیگ کی باڈی گارڈ بننے کی بجائے عوام
کی محافظ بنے اور آئی جی پولیس اپنے افسران اور اہلکاروں کو حکمران جماعت کا سیاسی
آلہ کار بننے سے روکیں۔ بشارت جسپال اور شہزاد نقوی نے کہا کہ گجرات، فیصل آباد،
اوکاڑہ اور لاہور میں ہمارے کارکنوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور
حکمران جماعت کے غنڈے گن پوائنٹ پر انتخابی نتائج ہائی جیک کرنا چاہتے ہیں۔
راہنماؤں نے کہاکہ لاہور میں تحریک انصاف کے دو کارکنوں کو قتل اور درجنوں کو شدید
مضروب کیا گیا، لاہور کو کراچی میں تبدیل کیا جا رہا ہے، گن پوائنٹ پر عوام کے
جمہوری حقوق چھینے جا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب محض نوٹس لینے کے ڈرامے کر کے
قانون اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ ہم نے اپنے
کارکنوں کو پر امن رہنے اور جمہوری اقدار کے مطابق انتخابی عمل میں حصہ لینے کی
ہدایات دے رکھی ہیں تاہم ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری مت سمجھا جائے، انہوں نے
کہا کہ الیکشن کمیشن پر امن انتخاب کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے حکمران جماعت اور
پولیس کے ماورائے قانون رویے کا نوٹس لے۔


تبصرہ