حکومت، الیکشن کمیشن اور نادرا مل کر دھاندلی کررہے ہیں: خرم نوازگنڈاپور/ چودھری سرور
عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات، سانحہ ماڈل ٹاؤن
اور حکومتی دھاندلی کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان
مذاکرات میں میجر (ر) محمد سعید، بشارت جسپال، علیم خان نے شرکت کی، 26 اکتوبر کو حکومتی
دھاندلی بے نقاب کرنیکا فیصلہ
ن لیگ کے امیدواروں کو کوئی اورجبکہ اپوزیشن کے امیدواروں کو کوئی اور ووٹر ز فہرستیں
دی جاتی ہیں، رہنما

لاہور (22 اکتوبر 2015) تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن، حکومتی دھاندلی اورکرپشن کے خلاف متفقہ سیاسی جدوجہد پر اصولی اتفاق رائے کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ایماء پر پولیس الیکشن کمیشن اور نادرا نے انتخاب اور انصاف کے پورے نظام کو یرغمال بنارکھا ہے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے 31 اکتوبر کے بعد حکومتی دھاندلی اور مظالم کے خلاف جدوجہد کرنے کا اعلان کیا۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے صوبائی چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور، عبدالعلیم خان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ آئے جہاں خرم نوازگنڈاپور، چیف کوآرڈینیٹر محمد سعید راجپوت، بشارت جسپال، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ اور راجہ زاہد نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان قومی ایشوز پر متفقہ لائحہ عمل تشکیل دینے کے حوالے سے ایک گھنٹہ مذاکرات ہوئے اور دونوں جماعتوں کی طر ف سے تین تین نمائندوں پر مشتمل کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی کے اراکین کے ناموں کا اعلان آئندہ ہفتے کیا جائیگا۔
مذاکراتی سیشن کے بعد خرم نوازگنڈاپور نے چودھری سرور، عبدالعلیم خان، میجر (ر) محمد سعید، بشارت جسپا ل اور اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن موجودہ حکمرانوں کا اصل چہرہ ہے۔ شہداء کے ورثاء کے خلاف ایف آئی آر کے بعد فرد جرم کا عائد ہونا ایک شرمناک عمل ہے۔ پوری دنیا نے میڈیا کی آنکھ سے گولیاں برسانے والوں کو دیکھا اس کے باوجود ہمارے ہی کارکنوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ عدالتوں کو یہ حقائق نظر کیوں نہیں آرہے؟ انہوں نے کہا کہ دھاندلی اور کرپشن کے خلاف بھی دونوں جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ آگے بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بہت مایوس کیا ہے، پہلے انتخابی عملہ من پسند جگہوں پر ٹرانسفر ہوتا تھا اب رات کے اندھیرے میں ووٹ اور ووٹرز ٹرانسفر ہوتے ہیں۔ کرپشن کے خلاف بلاتفریق کارروائی نہیں ہورہی۔ اگر ناانصافی جاری رہی تو پھر عوامی سیلاب روکنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔
چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ این اے 122 اور پی پی 147 میں بھرپور انتخابی تعاون کرنے پر اور اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کو ہمارے امیدوار کے حق میں دستبردار کروانے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے عہدیداروں اور کارکنوں کو شکریہ ادا کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش سانحہ ہے۔ ان حکمرانوں کا یہی وطیرہ ہے کہ یہ پولیس سے ملکر مظلوموں کے خلاف ہی ایف آئی آرز درج کرتے ہیں تاکہ وہ انصاف کیلئے جدوجہد نہ کر سکیں۔ اس سانحہ پر کوئی بے ضمیر شخص ہی خاموش رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر سوموار سے حکومتی دھاندلی کے ناقابل تردید ثبوت میڈیا کے ذریعے قوم کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نادرا والے ن لیگ سے ملے ہوئے ہیں۔ ن لیگ کے امیدواروں کو کوئی اورجبکہ اپوزیشن کے امیدواروں کو کوئی اور فہرستیں دی جاتی ہیں۔ الیکشن کمشنر اگر شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں تو وہ ووٹرز لسٹوں کا ہر صفحہ دستخطوں اور تاریخ کے ساتھ جاری کریں۔
اس موقع پر اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع سے ووٹرز کی مرضی کے بغیر ان کے ووٹ ٹرانسفر کرنے کی شکایات مل رہی ہیں اور جنہیں ہم عدالت میں بھی لے کرجارہے ہیں۔ ن لیگ نے دھاندلی کا یہ نیا طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایاز صادق بے ایمانی سے جیتا اس کی جیت میں الیکشن کمیشن اور نادرا کا بڑا کردار ہے۔ ن لیگ کی دھاندلی سوموار کو بے نقاب کرینگے۔
مذاکراتی سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید نے کہا کہ ن لیگ کو ظلم اور دھاندلی سے باز رکھنے کیلئے ہم خیال جماعتوں کو ذاتی اور جماعتی سیاست سے بالا ہو کر ملک اور جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں شانہ بشانہ چلنا ہو گا۔
مذاکرات میں عوامی تحریک کی طرف سے سردار شاکر مزاری، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، راجہ زاہداور جواد حامد بھی شریک ہوئے۔



تبصرہ