نیب میٹروبس میں 72 ملین کی کرپشن کے ثبوتوں پر کارروائی کیوں نہیں کررہا؟ عوامی تحریک
حکمرانوں کی کرپشن سے متعلق قائم سیل میں عوام خطوں کے ذریعے اہم
انکشاف کررہے ہیں
پولیس میں جعلی بھرتیاں کرپشن نہیں قومی سلامتی سے کھیلنے کا کیس ہے، کیس فوجی عدالت
بھجوایا جائے
دانش سکولوں میں کرپشن ہورہی ہے، خطوط کے قانونی جائزہ کیلئے سینئر وکلاء پر مشتمل
4رکنی کمیٹی بنادی: ترجمان
لاہور
(16 اکتوبر 2015) میٹروبس لاہور منصوبے میں 72 ملین کی کرپشن کے دستاویزی ثبوت 8 ماہ
سے نیب پنجاب کی فائلوں میں پڑے ہیں، کارروائی کیوں نہیں ہورہی۔ پنجاب پولیس میں جعلی
بھرتیوں کا کیس کرپشن نہیں قومی سلامتی سے کھیلنے کاکیس ہے، مقدمہ فوجی عدالت میں بھجوایا
جائے۔ دانش سکولوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہورہی ہے۔ کرپشن سے متعلق عوام کی طرف سے
خطوط کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کے قانونی جائزہ اور کارروائی کیلئے سینئر وکلاء
پر مشتمل چار رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے قائم کردہ ’’کرپشن
مانیٹرنگ سیل‘‘ کا ماہانہ اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور کی زیر صدارت منعقد
ہوا۔ اجلاس میں ممبران، چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید راجپوت، بریگیڈیئر(ر) اقبال
احمد خان، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق للَہ اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی شریک
ہوئے۔ اجلاس میں کرپشن کی معلومات کے قانونی جائزہ کیلئے سینئر وکلاء انوارالحق ایڈووکیٹ،
مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ اور نعیم الحق چودھری ایڈووکیٹ پر مشتمل
4 کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ترجمان پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ پنجاب کے حکمرانوں کی کرپشن سے متعلق حاصل ہونے والی معلومات پنجاب اسمبلی میں موجود اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹیوں کو بھی فراہم کی جائیگی۔ حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف جدوجہد کو قومی تحریک میں تبدیل کردینگے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں میں ماہانہ لاکھوں اور سالانہ کروڑوں کی خوردبرد ہورہی ہے۔ سرکاری عملہ کنٹریکٹرز سے مل کر خوراک، وردیوں، سٹیشنری اور دیگر خریداریوں میں وسیع پیمانے پر خوردبرد کررہا ہے۔ رحیم یار خان کے دانش سکول میں لوٹ مار انتہا کو پہنچ گئی، اسکے آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہیں اوراس حوالے سے جلد ایک تفصیلی رپورٹ جاری کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ضلعی سطح پر جاری ترقیاتی عمل میں ٹھیکیدار، حکومتی اراکین اسمبلی اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا ٹرائیکا لوٹ مارکررہاہے۔ ضلعی سطح پر اس وقت چیک اینڈ بیلنس اور آڈٹ کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔ قومی دولت کو لوٹاجارہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی قیادت اور کارکنان دہشتگردی اور کرپشن کے خاتمہ کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس حوالے سے سڑکوں پر بھی آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ خطوط کے ذریعے ملنے والی معلومات کو میڈیا کے ذریعے قوم کے علم میں لائینگے تاہم خطوط لکھنے والوں کے نام اور پتہ جات ان کی مرضی کے بغیر مشتہر نہیں کیے جائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ سطح پر ترقیاتی منصوبوں کے نام پر ہونے والی کرپشن پر جلد ایک تفصیلی حقائق نامہ بھی جاری کیا جائیگا۔


تبصرہ