جی ایچ کیو سے اچھے تعلقات کے دعویدار وزراء قومی ایکشن پلان پر توجہ دیں، ترجمان عوامی تحریک
قوم دہشت گردوں کے ہاتھوں مر رہی ہے وزراء آپس میں لڑ رہے ہیں،
وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس پر ردعمل
ڈاکٹر طاہرالقادری نے درست کہا حکمران دہشت گردی ختم کرنے میں سنجیدہ نہیں
لاہور
(14 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے وفاقی وزیر داخلہ کی پریس
کانفرنس پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ قوم دہشت گردوں کے ہاتھوں مر رہی ہے اور
کابینہ کے وزرا آپس میں لڑ رہے ہیں، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کی باہمی لڑائی کی
وجہ سے دہشت گردی کی جنگ اور قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد بری طرح متاثر ہو رہا
ہے۔ جی ایچ کیو سے اچھے تعلقات کے دعویدار عوام کے جان و مال کے تحفظ پر توجہ دیں،
ترجمان نے کہاکہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے پہلے دن ہی یہ کہہ دیا
تھا کہ دہشت گردی ختم کرنے کیلئے حکمرانوں کی نیت ہے اور نہ ان میں اہلیت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گذشتہ روز نون لیگ کے اپنے ایک ایم این اے کے دفتر پر دہشت گردی
کے حملے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جس پر ہمیں افسوس ہے، اسی حکومت کا ایک صوبائی
وزیرخود کش حملے میں اپنی جان گنوا چکا ہے، جنوری سے تا حال پاکستان میں دہشت گردی
کے 8سو سے زائد واقعات ہو چکے اور اس جنگ میں سول شہریوں کے ساتھ ساتھ افواج
پاکستان کے افسران اور جوان شہادتیں قبول کر رہے ہیں جبکہ امن کی اس جنگ کی قیادت
کرنے والی نام نہاد سول قیادت آپس میں دست و گریبان ہے اور حکمرانوں کے اس غیر
سنجیدہ اور مجرمانہ غفلت پر مبنی رویے کی وجہ سے عوام میں سخت اشتعال اور تشویش
پائی جاتی ہے۔


تبصرہ