الیکشن کمیشن نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مایوس کیا، عوامی تحریک
وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ کابینہ کے ہمراہ سرکاری امیدواروں کی انتخابی
مہم میں شریک رہے
آئینی الیکشن کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری کا موقف ایک بار پھر درست
ثابت ہوا
لاہور
(11 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور مرکزی سیکرٹری
اطلاعات اطلاعات نور اللہ صدیقی اور اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن
نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی مایوس کیا، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اپنی اپنی کابینہ کے
ہمراہ سرکاری امیدواروں کی انتخابی مہم چلاتے رہے، تحریری شکایات کے باوجود الیکشن
کمیشن ٹس سے مس نہ ہوا۔ آئینی الیکشن کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے ڈاکٹر طاہر القادری
کا موقف ایک بار پھر درست ثابت ہوا، موروثی سیاست کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنے والی
جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کے ایجنڈے پر فیصلہ کن جدوجہد
کا آغاز کرنا ہو گا۔ حلقہ NA-122 میں ایکسائز افسر، پٹواری، ایس ایچ اوز اور ایکسائز
کا عملہ ن لیگ کے امیدواروں کی انتخابی مہم چلاتے رہے، انتخابی مہم کے دوران حرام گوشت
کھلانے والے ریسٹورنٹ کے مالکان کے ووٹ لینے کیلئے چھاپہ مار مہم روک دی گئی۔ انہوں
نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے ملازمین کو انتخابی مہم کے دوران ووٹ نہ دینے کی صورت میں
سرکاری کوارٹر چھین لینے کی دھمکیاں دیتے رہے، انہوں نے کہا کہ ایکسائز عملہ حکومتی
امیدواروں کے بینرز دکانوں کے سامنے نہ لگانے پر ٹیکس کے نوٹس بھجوانے کی دھمکیاں دیتارہا۔
سرکاری عملہ، سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں تبدیل کر کے ووٹر کو لانے لے جانے کیلئے
استعمال کرتا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک تحریک انصاف کے امیدواروں
کی بھر پور طریقے سے انتخابی مہم چلائی اور ووٹ دئیے۔


تبصرہ