عوامی تحریک کا انتخابی بے ضابطگیوں پر چیف الیکشن کمشنر کو خط
ریموٹ کنٹرول الیکشن کمیشن کی وجہ سے جمہوریت کا مستقبل خطرے میں
ہے: خرم نوازگنڈاپور
عوامی تحریک کے کارکن اپنی مدد آپ کے تحت پولنگ اسٹیشنوں تک جائیں، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ،
راجہ محمد زاہد
لاہور (10 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے
چیف الیکشن کمشنر کے نام خط میں حلقہ این اے 122 میں انتخابی قوانین کی سنگین خلاف
ورزیوں پر احتجاجی مراسلہ لکھتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء سرکاری پروٹوکول کے ساتھ حلقہ
میں دندناتے پھررہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبے اور اعلانات کا سلسلہ جاری ہے، وزراء کی طرف
سے عوام کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پریس کانفرنس کی آڑ میں انتخابی
مہم میں شریک ہیں اس ساری لاقانونیت پر الیکشن کمیشن خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا
ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریموٹ کنٹرول الیکشن کمیشن کی وجہ سے جمہوریت کا مستقبل خطرے میں
ہے۔ انہوں نے خط میں مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کے وزیروں کی لاقانونیت کا نوٹس
لے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں لاہور تنظیم کا اہم اجلاس
ہوا۔ اجلاس میں آج 11 اکتوبر کے حوالے سے ووٹ کاسٹ کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی اور
فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک کے کارکن اپنی مدد آپ کے تحت پولنگ اسٹیشن تک جائیں گے
اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ کاسٹ کرینگے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک
کے دستبردار امیدوار اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ شکست ن لیگ کا مقدر ہے۔ لاہور
پر کھربوں خرچ کرنے والوں کے طوطے اڑے ہوئے ہیں۔ پوری وفاقی اور صوبائی حکومت انتخابی
مہم میں شریک ہے اور ن لیگ نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو گلیوں کی خاک نہ چھان رہی ہوتی۔


تبصرہ