عوام آٹا کھانے والے شیر کو مسترد کر دیں، پی اے ٹی کی پی پی 147 میں انتخابی ریلی
زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی بڑھکیں مارنے والے بتائیں آٹا
مہنگا کیوں ہو رہا ہے؟
ریلی سے خرم نواز گنڈا پور، ٹکٹ ہولڈر اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کا خطاب
ریلی صدر چوک سے شروع ہو کر لاہور ریلوے سٹیشن سے ہوتی ہوئی کوئین میری روڈ پر ختم
ہوئی

پاکستان عوامی تحریک کے پی پی147 سے ٹکٹ ہولڈر اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ عوام آٹا، چینی کھانے والے شیر کو مسترد کر دیں۔ حکمرانوں کے پاس میٹرو بسیں چلانے کیلئے اربوں روپے ہیں مگر غریب عوام کو دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں۔ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی بڑھکیں مارنے والے بتائیں آٹا مہنگا کیوں ہو رہا ہے ؟۔ عوامی تحریک کے پی پی 147 سے ٹکٹ ہولڈر اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے زوال کی ابتدا حلقہ پی پی147 سے شروع ہو چکی، اگلے عام انتخابات تک ن لیگ کا صفایا ہو جائے گا، لاہوریوں کا موڈ تبدیل ہو گیا جب لاہور بدلتا ہے تو پورا پاکستان بدلتا ہے، انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو اب کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ ریلی میں عوامی تحریک یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے عہدیداران اور حلقہ پی پی 147 سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی صدر چوک سے شروع ہو کر لاہور ریلوے سٹیشن سے ہوتی ہوئی کوئین میری روڈ پر ختم ہوئی۔ اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان اور عوام کے تمام مسائل کا حل ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10نکاتی ایجنڈے میں ہے۔ موجودہ حکمران جب تک برسر اقتدار رہیں گے ملک لٹتا رہے گا، انہوں نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں تاریخی اضافے کی بڑھکیں مارنے والے بتائیں آٹا کیوں مہنگا ہورہا ہے۔ دو دنوں میں آٹے کی قیمت 3بار بڑھ چکی ہے جو غریب اور مزدور دشمنی ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے گوداموں میں گندم رکھنے کی جگہ نہیں مگر غریب روٹی کے نوالے کو ترس رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 11اکتوبر کے دن موٹر سائیکل پر مہر لگا کر لوٹ مار کرنے والوں کی سیاست کا صفایا کر دیں۔


تبصرہ