عوام ایماندار نمائندے منتخب کریں تو ملک کی تقدیر بدل جائے : اشتیاق چودھری
PAT کرپشن کے خاتمہ کیلئے دو ٹوک موقف رکھتی ہے، ٹکٹ ہولڈر عوامی
تحریک
11 اکتوبر فیصلے کی گھڑی، عوام قاتلوں، ٹیکس چوروں اور لٹیروں کو مسترد کر کے باوقار
مستقبل کا فیصلہ کریں
لاہور
(29 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے پی پی 147 سے ٹکٹ ہولڈر اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ
نے باجا لائن میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایماندار قیادت
منتخب کریں تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ سٹیٹس کو کی جماعتوں اور نیم خواندہ لیڈر
شپ نے وسائل سے مالا مال ملک کو ایتھوپیا اور صومالیہ کے درجے پر لا کھڑاکیا۔ پڑھے
لکھے نوجوانوں کیلئے پاکستان میں کوئی روزگار نہیں جبکہ نااہل اور کرپٹ قیادت نے پاکستان
کو کمیشن خوروں اور ٹھیکیداروں کی جنت بنا دیا۔ کارنر میٹنگ میں حاجی عبدالرحمان، احسن
اقبال، شہاب الدین، پیر قدرت اللہ، سید حسنات شاہ نے بھی خطاب کیا۔
اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے پاس پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ایجنڈا ہے۔ کرپشن ختم کیے بغیر غریب کو اس کا حق نہیں ملے گا۔ عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد غریب آدمی کو آئینی حقوق دلوانے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعت 30 سالہ اقتدار میں عوام کو صاف پانی کی سہولت نہ دے سکی اس سے مزید توقع رکھنا وقت کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے امیدوار اسمبلیوں میں غریب کی آواز بنیں گے۔ موجودہ حکمرانوں نے غربت کی بجائے غریب کا خاتمہ کر دیا ہے۔ ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں خواتین کو تحفظ ملے، عوام کی فلاح و بہبود کے کام ہوں اور انسانی اقدار پروان چڑھیں۔ اشتیاق چودھری نے کہا کہ عوام کو حقوق کا شعور دلانا عوامی تحریک کا مشن ہے۔ قوموں کی زندگیوں میں فیصلوں کی گھڑیاں آتی ہیں، وہ شعور وبصیرت سے فیصلہ کرتی ہیں اور انکی پہلی و آخری ترجیح ملک و قوم کا مفاد ہوتاہے۔ 11 اکتوبر بھی فیصلے کی گھڑی کا دن ہے۔ عوام قاتلوں، ٹیکس چوروں اور لٹیروں کو مسترد کر کے باوقار مستقبل کا فیصلہ کریں۔ موجودہ کرپٹ حکمرانوں کو منتخب ہونے کا موقع دینا ایسی سنگین غلطی ہو گی جسکا ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں، کھربوں روپے کا فنڈز ہڑپ کر کے الیکشن لڑنے والی پارٹیاں ملک و قوم کی وفادار نہیں ہو سکتیں۔ کرپٹ عناصر کو ووٹ کے ذریعے اقتدار کی طاقت دینا بڑا ظلم ہے۔ موجودہ حکمران جمہوریت اور ملک کے بہت بڑے دشمن ہیں۔ انہیں ووٹ ڈالنا ملک و قوم کا مستقبل لٹیروں کے حوالے کرنا ہے۔ 11 اکتوبر کو عوام پوری قوت سے ان لٹیروں کو مسترد کر دے اور گھروں سے نکل کر عوامی تحریک کا ساتھ دیکر ان حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیں۔


تبصرہ