عوامی تحریک نے این اے 154 میں اپنا امیدوار میدان میں اتار دیا
خواجہ عامر فرید کوریجہ سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس میں ڈسٹرکٹ الیکشن
کمیشن میں کاغذات جمع کروانے آئے
سفیر امن اور قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کا امیدوار ہوں، عامر فرید کوریجہ کاکاغذات
جمع کروانے کے بعد خطاب

لاہور (11ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک نے این اے 154 لودھراں سے اپنا امیدوار میدان میں اتاردیا ہے۔ گزشتہ روز پیرآف کوٹ مٹھن شریف خواجہ عامر فرید کوریجہ نے سینکڑوں گاڑیوں کے جلوس میں لودھراں میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس میں کاغذات جمع کروائے۔ کاغذات جمع کروانے کے بعد انہوں نے کارکنوں اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سفیر امن اور قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کا امیدوار ہوں۔ لودھراں کے عوام کاشتکاروں کا استحصال کرنے والے حکمرانوں کے خلاف اکٹھے ہو جائیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے کاشتکاروں کا حق مارنے والے اور جعلی ڈگری والوں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ لودھراں کے عوام کب تک جعلی ڈگری والوں، سرمایہ داروں اور عوام سے جینے کا حق چھیننے والوں کے ظلم کا شکار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 154 کے ہر گھر جائینگے اور عوام تک قائدانقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کا ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا پیغام پہنچائیں گے۔ کاغذات جمع کرواتے وقت عوامی تحریک کی مقامی قیادت راؤ اسحاق، چودھری عبدالغفار، عزیر عامر کوریجہ، ملک اسلم حماد، مہر شہباز ورک، ظفر اقبال بھٹی، ملک انور، ریاض کلیانی، طارق بھابہ، اشتیاق باجوہ ایڈووکیٹ، عارف رضوی، ملک مسعود اور پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عوامی تحریک یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد خواجہ عامر فرید کے ہمراہ کاغذات جمع کروانے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کے آفس میں آئی۔ نوجوانوں نے عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے حق میں فلک شگاف لگائے اور کہا کہ ظالمانہ نظام کے خلاف انتخابی جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔


تبصرہ