اپوزیشن پارٹیوں نے الیکشن کمیشن ممبران کے استعفیٰ کا مطالبہ کر کے ڈاکٹر طاہرالقادری کے مؤقف کی تصدیق کردی ہے: خواجہ عامر فرید کوریجہ
ہزاروں کارکنوں نے مشاورت کر کے اپنا فیصلہ سنادیا ہے تاہم حتمی
فیصلہ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہی کریں گے
بلدیاتی الیکشن میںPAT ہر سطح پر اپنے امیدوار سامنے لانے کی پوزیشن میں ہے۔
حکمران اور ان کے درباری وزیر، مشیر 14 معصوم جانوں کے قاتل ہیں، قاتلوں کو کسی صورت
معاف نہیں کریں گے، ان سے قانون کے مطابق قصاص لیا جائے گا

لودھراں () پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے پریس کلب لودھراں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے غیر آئینی الیکشن کمیشن کے خلاف لاکھوں کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد میں جو دھرنا دیا تھا، انہوں نے غیرآئینی الیکشن کمیشن کی موجودگی میں شفاف الیکشن نہ ہونے کی جو پیشن گوئی دی تھی وہ آج پوری قوم کے سامنے سچ ثابت ہوچکی ہے۔ 11 مئی 2013 میں ہونے والے انتخابات کے نتائج سیاسی پارٹیوں نے نام نہاد جمہوریت کو بچانے کیلئے نتائج تو قبول کر لئے لیکن ہر ایک نے انتخابات کو آر اوز کا الیکشن قرار دیا دیتے ہوئے منظم دھاندلی کا الزام لگایا۔ پچھلے ڈھائی سالوں سے دھاندلی کا رونا رونے والے اور دھرنوں کے خلاف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلا کر نام نہاد جمہوریت کو بچانے کیلئے تقریریں کرنے والوں نے بھی الیکشن کمیشن کے ممبران کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر کے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کہی ہوئی ہرایک بات کو سچ ثابت کردیا ہے۔
خواجہ عامر فرید کوریجہ نے مزید کہاکہ پاکستان عوامی تحریک حلقہ 154 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گے۔ صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنے مؤقف پر قائم اور الیکشن کمیشن کو آج بھی غیر آئینی کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بہت بڑی تبدیلی اور جرات مند قیادت کی ضرورت ہے، ایسی قیادت جو پاکستانی عوام کی ذہنی سرحدوں اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرسکے اور ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دے۔
خواجہ عامرفرید کوریجہ نے کہا کہ ایسی قیادت اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو بالعموم اور بالخصوص پاکستانی قوم کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی صورت میں دے دی ہے۔ قوم کو چاہئے کہ وہ اپنی دیانتدار، مخلص، علمی اور انٹرنیشنل قیادت کو پہچانیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پوری قوم کو جو 10 نکاتی ایجنڈہ دیا ہے جس سے پاکستانی قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اور ان کے درباری وزیر، مشیر 14 معصوم جانوں کے قاتل ہیں۔ قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے، ان کا شرعی قانون کے مطابق قصاص لیا جائے گا۔ انہوں نے حلقہ 154 میں حصہ لینے کے حوالے سے کہا کہ آج لودھراں کے ہزاروں کارکنوں سے مشاورت ہوئی ہے جس میں انہوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے تاہم حتمی فیصلہ قائدانقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہی کریں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں پاکستان عوامی تحریک ہر سطح پر اپنے امیدوار سامنے لانے کی پوزیشن میں ہے، لیکن فیصلہ جات حکمت عملی کے تحت کئے جائیں گے۔ موجودہ سیاسی صورتحال پر انہوں کہا کہ قوم کا لوٹا ہوا ایک ایک پیسہ ذمہ داران سے واپس لینے، ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے والوں اور دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے حق میں ہیں۔ اس موقع پر امیر تحریک منہاج القرآن راؤ محمد اسحاق خان، ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک مہر شعبان ورک، سیکرٹری جنرل ظفر آفتاب بھٹی، تحصیل سیکرٹری جنرل ملک اسلم حماد، ناظم ویلفیئر اظہر حسین لنگاہ ایڈووکیٹ، منظور خان بلوچ، یوسف چنڑ، مہر فدا حسین، ملک عابد نواز، یوتھ ونگ کے صدر ارشد علی مرزا، MSM کے ضلعی صدر ملک عمر فاروق، فوجی اعجاز احمد اور دیگر سینکڑوں کارکنان اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔


تبصرہ