گلو مان رہا ہے نہ شریف برادران تو پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار کون ہے؟
’’نظریاتی رہنما‘‘ گلو بٹ کی تنقید سے یقینا پنجاب پولیس کا دل
دکھا ہوا گا :عوامی تحریک
عید کے بعد قاتل حکمرانوں کیلئے اقتدار کی راہداریاں تنگ ہو جائینگی:بشارت جسپال، مشتاق
نوناری، راجہ زاہد
لاہور
(13 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری مشتاق
نوناری ایڈووکیٹ اور صدر لاہور راجہ زاہد نے کہا ہے اپنے ’’نظریاتی رہنما‘‘ گلو بٹ
کی طرف سے شدید تنقید اور الزام تراشی سے یقیناً پنجاب پولیس کا دل دکھا ہوگا۔ رہنماؤں
نے گلو بٹ کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے اعلان لاتعلقی کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا
کہ گلو مان رہا ہے نہ شریف برادران تو پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار کون ہے؟ بشارت
جسپال نے کہا کہ 17 جون 2014 کے دن پاکستان سمیت پوری دنیا نے شریف حکومت کی ’’گلو
گردی‘‘ کے براہ راست مناظر ٹی وی کی سکرینوں پر دیکھے، اس کے باوجود ظالم اور قاتل
حکمرانوں نے انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ سانحہ کا ذمہ دار عوامی تحریک کے رہنماؤں کو ٹھہرایا
اور اب فرد جرم عائد کرنے کی تیاریاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ
ڈاکٹر طاہرالقادری نے درست کہا مظلوموں، مجبوروں اور سوسائٹی کے کمزور طبقات کو انصاف
دلوانے کے مرحلہ پر قانون اندھا اور بے بس کیوں ہو جاتا ہے؟
مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے کہا کہ اللہ بہت بے نیاز ہے، اس کی لاٹھی جب حرکت میں آتی ہے تو بڑے بڑے منصوبے اور چالاکیاں دھری کی دھری رہ جاتی ہیں۔ ان شاءاللہ تعالیٰ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے بھی غیبی طاقت مظلوموں اور شہداء کو انصاف دلوانے میں ضرور مدد گار بنے گی۔
صدر لاہور راجہ زاہد نے کہا کہ عید کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے انصاف لینے کیلئے احتجاج کاسلسلہ دوبارہ شروع کر دیا جائے گا اور عید کے بعد قاتل حکمرانوں پر اقتدار کی راہداریاں تنگ ہو جائینگی اور اس بار انہیں ڈیل کی سہولت ملے گی اور نہ باہر جانے کا چانس۔ لٹیروں، دھوکہ بازوں اور بے گناہوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والوں کا ٹھکانہ اب جیل کی سلاخیں ہونگی۔


تبصرہ