حکومتی ایم پی اے نے لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کی دھمکی دیدی، حکمران اب تو شرم کریں: عوامی تحریک لاہور
شدید گرمی میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے سانس لینا دوبھر کر دیا،
عوام اپنا حق لینے کیلئے متحد ہوں
لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج جرم ہے تو پہلا مقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف درج ہونا چاہیے
لاہور (6 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر راجہ زاہد نے کہا ہے کہ
حکومتی ایم پی اے بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ حکمران
اب تو تھوڑی سے شرم کر لیں، شدید گرمی میں 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے سانس لینا دو بھرکردیا۔
حالیہ رمضان المبارک میں حکمرانوں نے مسلمان روزہ داروں کے ساتھ کوفیوں والا سلوک کیا،
لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے جتنے بھی دعوے کیے گئے وہ سب ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ کراچی کے
بعد جان لیوا لوڈشیڈنگ کی وجہ سے اب پنجاب میں بھی اموات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔
حکمران شرم کریں اور عوام کو بجلی دیں۔ عوام کو اس نااہل، ہٹ دھرم اور جھوٹی حکومت
کے خلاف متحد ہو کر سڑکوں پر آنا ہو گا۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں
اور کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 2 سال کے بعد لوڈشیڈنگ میں کمی آنے کی بجائے 2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ مزید بڑھ گئی جو ظلم، بے حسی اور نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے فرمان جاری کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پہلا مقدمہ وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف درج ہونا چاہیے جنہوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف پرتشدد مظاہروں کی داغ بیل ڈالی، پولیس کی نفری کے ساتھ توڑ پھوڑ کروائی، مینار پاکستان پر کیمپ لگا کر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج پر مقدمہ درج ہوا تو حکومت کو لگ پتہ جائے گا۔


تبصرہ