ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف تاجر برادری کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں: ڈاکٹر رحیق عباسی
عوامی تحریک ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاج میں تاجر برادری کے
ساتھ ہے
حکمران شاہ خرچیاں کم کرنے کی بجائے عام شہریوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں، عوامی تحریک
لاہور
(06 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بنک
صارفین پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف تاجر برادری کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے
کہ بنکوں میں داخل ہونے اور نکلنے کے سوا ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا۔ عوامی تحریک
ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف احتجاج میں تاجر برادری کے ساتھ ہے۔ ملکی معیشت کو تباہی کے
دہانے پر لانے کے ذمہ دار یہ حکمران ہیں۔ ٹیکس چوروں کے سرپرست حکمران اپنی شاہ خرچیاں
کم کرنے کی بجائے عام شہریوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں۔ کرپشن روکنے اور بڑے ٹیکس چوروں
کو پکڑنے میں ناکام حکومت بنک کھاتہ داروں کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ گئی ہے۔ حکومت کی
حالیہ بنک ٹیکسیشن سے تاجر، ملازمین، بیوگان، بیرون ملک مقیم مزدور پاکستانی اور ان
کے لاکھوں لواحقین بری طرح متاثر ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں بچی کھچی معیشت بھی برباد کررہی ہیں۔ حکومت کی طرف سے بنکوں سے ہر قسم کے لین دین پر ٹیکس عائد کرنے سے غیر دستاویزی معیشت کا دائرہ مزید وسیع اور ہنڈی کا کاروبار بڑھے گا۔ حکومت کا ہر اقدام ان شہریوں کے خلاف ہوتا ہے جو قانون اور قاعدے کے اندر رہ کر زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔


تبصرہ