لوٹ مار بند نہ ہوئی تو عوام جھوٹے حکمرانوں اور جعلی ایوانوں کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہونگے: خرم نواز گنڈاپور
ن لیگ نااہل ثابت ہو چکی ، نالائق ٹولہ قوم کی جان چھوڑ دے
چیف جسٹس صارفین بجلی کو رواں ماہ 30فیصد زائد بل بھجوانے کا نوٹس لیں
معافی لیگ ڈرامے کرنے کی بجائے لوڈشیڈنگ کنٹرول کرے: مرکزی
سیکرٹری جنرل

لاہور(23 جون 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ حکومت نے رواں ماہ بجلی صارفین کو سحر و افطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی آڑ لیکر 30فیصد زائد بل بھجوادئیے۔ چیف جسٹس آف پاکستان اس حوالے سے میڈیا رپورٹس کی روشنی میں حکومتی ڈکیتی کا نوٹس لیں۔ لوڈشیڈنگ تو کم نہیں ہوئی مگر عوام ضرور لٹ گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو نت نئے طریقے اختیار کر کے لوٹا جارہا ہے، حکمرانوں کی لوٹ مار بند نہ ہوئی تو عوام جھوٹے حکمرانوں اور جعلی ایوانوں کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہونگے۔ حکومت مقدس مہینے میں بھی جھوٹ بولنے اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے سے باز نہیں آئی۔ گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ آصف کی معافی ٹوپی ڈرامہ ہے ۔ ان حکمرانوں نے اپنے جرائم پر معافی مانگ کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا معمول بنالیا ہے۔ سب سے پہلے انہوں نے 10سال کی ڈیل کر کے معافی مانگی اور بیرون ملک چلے گئے۔ حال ہی میں پٹرول کا منصوعی بحران پیدا کر کے اربوں روپے کی دیہاڑیاں لگائیں اور پھر وفاقی وزراء نے معافی مانگ کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکا۔ اب قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کر کے معافی مانگنے کے ڈرامے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نااہل لیگ ثابت ہو چکی۔ نااہلوں کے اس ٹولے کو اب عوام کی جان چھوڑ دینی چاہیے۔ ان کے پاس صرف منی لانڈرنگ، بلیک منی کووائٹ کرنے، محفوظ طریقے سے کمیشن اور کک بیکس وصول کرنے اور انہیں ٹھکانے لگانے کا تجربہ ہے اس کے علاوہ ان کے پاس اور کوئی تجربہ نہیں۔


تبصرہ