پنجاب کے پسماندہ اضلاع کا ترقیاتی فنڈ لاہور، پنڈی کی میٹرو بس پر لگا دیا گیا، عوامی تحریک
تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کا فنڈ لگژری منصوبوں پر لگانا فخر نہیں افسوس والی بات ہے، بشارت جسپال
لاہور (4 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے
کہ تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا پیسہ میٹرو بسوں پر لگانا فخر
نہیں افسوس والی بات ہے، ایسے لگژری منصوبے تب ہی اچھے لگتے ہیں جب عوام کو تعلیم،
صحت اور صاف پانی جیسی بنیادی سہولتیں میسر ہوں، انہوں نے راولپنڈی میٹرو بس منصوبہ
کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا کہ پنجاب کا ہر 15واں نوجوان بے روزگار ہر 10واں
شہری ہیپاٹائٹس اور ہر 11واں شہری پولیس کے ظلم اور ریاستی اداروں کی بے انصافی کا
شکار ہے اور شریف برادران قوم کو میٹرو بسوں کے پیچھے لگا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ
شریف برادران جو مرضی کر لیں آئندہ الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران عوام ان سے صرف
ایک ہی سوال کریں گے کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا خون کیوں بہایا؟ انہوں نے کہا
کہ یہ ایک المیہ ہے کہ شریف برادران ہر مسئلے کا حل سڑکوں، سٹیل کے پلوں اور میٹرو
بسوں کو سمجھتے ہیں۔ پنجاب کے35 اضلاع کے فنڈزلاہور اور راولپنڈی کے دو منصوبوں میں
جھونک دئیے گئے۔ اگر ملک میں جمہوریت ہوتی تو پسماندہ اضلاع کے عوام کا استحصال
کرنے اور انہیں ترقی کے دہارے سے باہر رکھنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کٹہرے میں کھڑے
ہوتے۔ بشارت جسپا ل نے کہا کہ حنیف عباسی پنجاب کے سستی روٹی پراجیکٹ کے بھی
چیئرمین تھے، جو سستے تندوروں کے معائنہ کیلئے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے تھے۔ 30 ارب
کی بربادی کے بعد یہ منصوبہ آج بند ہے جس کا آڈٹ والوں کا آج تک ریکارڈ نہیں ملا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے ذاتی طور پر پنجاب کے تمام اضلاع کا تنظیمی دورہ کیا
80 فیصد تحصیلوں اور دیہات میں ٹرانسپورٹ تو دور کی بات پیدل چلنے کیلئے سڑکیں بھی
صحیح سلامت نہیں ہیں۔


تبصرہ