وزیراعلیٰ کی من مانیوں کی وجہ سے پنجاب 7 سو ارب روپے کا مقروض ہے: خرم نواز گنڈاپور
پی بی ایس سروے 2014 نے شہباز حکومت کی ترقی کے دعوے جھٹلا دئیے: پاکستان عوامی
تحریک
بے روزگاری میں اضافہ کی رپورٹ نے صوبائی حکومت کی نااہلی پر مہر لگا دی
قومی دولت لوٹنا ہی کرپشن نہیں، غلط منصوبوں پر لگانا بھی کرپشن ہے، سوشل میڈیا کے
اجلاس سے خطاب
لاہور (3 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور
نے کہا ہے کہ پاکستان بیورو آف سٹیٹکس سروے 2014 نے شہباز حکومت کی ترقی کے جھوٹے دعوؤں
کی قلعی کھول دی ہے۔ 2013 ء کی نسبت 2014 میں پنجاب میں بیروزگار افراد کی تعداد میں
0.34 فیصد اضافہ کی رپورٹ نے صوبائی حکومت کی ناکام پالیسیوں اور نااہلی پر تصدیق کی
مہر ثبت کر دی۔ وزیراعلیٰ کے من مانے ناقص منصوبوں کی وجہ سے پنجاب آج 700 ارب روپے
کا مقروض ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سوشل میڈیا سیل کے خصوصی اجلاس سے
خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں میڈیا ایڈوائزر نوراللہ صدیقی، عبدالحفیظ چودھری، عین الحق
بغدادی، عبدالستار منہاجین، عمران شوکت اور راشد شہزا شریک تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ PBS لیبر سروے 2014 سے ن لیگ کے اراکین اسمبلی اور حاشیہ برداروں کی آنکھیں بھی کھل جانی چاہئیں کہ پنجاب ترقی نہیں تنزلی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بچہ بچہ چیخ رہا ہے کہ پنجاب حکومت قیمتی وسائل غلط منصوبوں میں ضائع کررہی ہے مگر وزیراعلیٰ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے 7 من پسند منصوبوں، میٹرو بس لاہور، میٹرو بس راولپنڈی، سستی روٹی پراجیکٹ، پیلی ٹیکسی، آشیانہ، لیپ ٹاپ اور سولر لیمپ منصوبوں پر 5سو ارب روپے سے زائد عوام کا قیمتی پیسہ برباد کر ڈالا جس کا نتیجہ آج بیروزگاری میں اضافہ کی صورت میں قوم کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو عوام کی عدالت میں جواب دینا پڑے گا کہ انہوں نے قومی دولت کا غلط استعمال کیوں کیا؟ اگر یہی رقم پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں، زرعی اور صنعتی ترقی کیلئے خرچ کی گئی ہوتی تو یقیناً بیروزگاری اور غربت میں کمی آتی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن صرف یہ ہی نہیں کہ قومی دولت ذاتی تجوریوں میں جمع کی جائے قومی دولت کا درست استعمال نہ کرنا بھی کرپشن اور بے ایمانی ہے۔


تبصرہ