عوامی تحریک نے جعلی JIT رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا: چوہدری فیاض احمد وڑائچ

بورے والا (31 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسکے خلاف بورے والا سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا، جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ کی زیر قیادت پاکستان عوامی تحریک، مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ اور تحریک منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکنان کی قیامت خیز گرمی میں احتجاجی ریلی، احتجاجی ریلی فیاض گارڈن وڑائچ ٹاؤن سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر جنوبی پنجاب چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر آنے والی جے آئی ٹی پر لعنت بھیجتے ہیں کیونکہ یہ حکومت کی تیار کردہ جعلی رپورٹ ہے اس سے قبل سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متعلق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ جس میں وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ، وزیر قانون پنجاب اور دیگر ملزمان کا تعین کر دیا گیا تھا لیکن حکمرانوں نے ابھی تک جوڈیشل کمیشن کی اُس رپورٹ کو منظر عام پر نہیں آنے دیا۔
وہ دن دور نہیں جب دونوں بھائی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمہ میں پھانسی پر لٹکائے جائیں گے جب تک معصوم اور بے گناہ شہداء کے قاتلوں کو تختہ دار پر نہیں لٹکایا جاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ظالم و جابر حکمرانوں سے معصوم لوگوں کے خون کا حساب ضرور لیں گے انہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے ظلم و بربریت کو میڈیا عوام کے سامنے نہ لاتا تو موجودہ حکمرانوں نے اسکے تمام شواہد بھی مٹا دینے تھے میڈیا کی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کی وجہ سے تمام حقائق کھل کر صرف پاکستانی عوام ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکے ہیں۔ ریلی سے ایم ایس ایم کے صدر محمد عرفان یوسف، سٹی صدر پیٹ افضال طاہر بھٹی، جنرل سیکرٹری تحصیل سید خادم حسین شاہ اور بہاولپور سے ارشاد حسین باجوہ ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق سیکرٹری بار رانا الطاف حسین، پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر رائے غلام مصطفیٰ ریاض، ایم ایس ایم کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمد شہزاد ڈوگر، تحصیل صدر پیٹ چوہدری محمد اقبال وڑائچ، ملک کرامت حسین لنگڑیال اور دیگر نمائندہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔


تبصرہ