پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ’’آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات‘‘ کا نتیجہ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
رمضان المبارک سے قبل پٹرول مہنگا کر کے مہنگائی مافیا کو لوٹ
مار کا لائسنس دیا گیا
اضافہ فی الفور واپس لیا جائے، مہنگائی کی نئی لہر آئے گی، سربراہ عوامی تحریک

لاہور (31 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پٹرول کی قیمتوں میں بلا جواز اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اضافہ ’’آئی ایم ایف سے کامیاب مذاکرات‘‘ کا نتیجہ ہے۔ رمضان المبارک کی آمد سے قبل پٹرول مہنگا کر کے مہنگائی مافیا کو لوٹ مار کا لائسنس دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اضافہ سے مصنوعی مہنگائی کی نئی لہر آئے گی ایسی کونسی قیامت آگئی تھی کہ حکومت کو رمضان المبارک سے قبل ہی پٹرول مہنگا کرنا تھا؟
ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ڈیزل کے فی لیٹر پر 36 فیصد ٹیکس لیا جارہا ہے، جو عوام سے ظلم اور زیادتی ہے۔ جمہوری حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے طریقے ڈھونڈتی ہیں مگر یہ نام نہاد جمہوری حکمران عوام سے ریلیف بھی چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کا اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر انتہائی منفی اثر پڑے گا جو پہلے ہی عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور خرم نواز گنڈا پور نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔


تبصرہ