عوامی تحریک نے این اے 108 میں انتخابی مہم تیز کر دی
8 جون کو عوام قاتل حکومت کے ٹکٹ ہولڈرکو مسترد کر دیں گے، عائشہ
شبیر
عوام کی حالت بدلنے کا علم اٹھانے والی عوامی تحریک غریب عوام کا مقدر بدل دے گی
قاتل اور ٹیکس چور حکمرانوں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا، کرپشن حکمرانوں کاامتیازی
نشان ہے
خراب ملکی حالات میں زیادہ خواتین کا طبقہ متاثر ہو ا، 8 جون کو خواتین کو اپنے حقوق
کے حصول کیلئے نکلنا ہو گا
منڈی بہاؤ الدین میں پاکستان عوامی تحریک کے انتخابی جلسے سے خطاب
لاہور (29 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک نے NA-108 ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے
انتخابی مہم تیز کر دی۔ NA-108 منڈی بہاؤالدین میں چوہدری اعظم گجر پاکستان عوامی
تحریک کے امیدوار ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عائشہ شبیر نے
منڈی بہاؤ الدین میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
8جون کا سورج چوہدری اعظم گجر کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہو گا، عوام قاتل حکومت کے
ٹکٹ ہولڈر کو مسترد کر دیں گے۔ قیامت خیز لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، مہنگائی اور غربت نے
عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ اشرافیہ پچھلے 67 سالوں سے ملک کو لوٹ رہی ہے۔ منڈی
بہاؤ الدین کے غیور عوام 8 جون کو چوروں، لٹیروں اور قاتلوں کو مسترد کر کے پاکستان
عوامی تحریک کو ووٹ دے کر ملک میں مثبت اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد رکھیں۔ عوام کی
حالت بدلنے کا علم اٹھانے والی پاکستان عوامی تحریک غریب عوام کا مقدر بدل دے گی۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور خوشحالی باتوں سے نہیں بلکہ قاتل حکمرانوں کے خلاف عملی
جدوجہد کرنے سے آئے گی۔ حوا کی بیٹیاں اور بیٹے 8 جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں
عوام دشمن حکمرانوں کو مسترد کر کے قوم کو خوشحالی کا راستہ دکھائیں۔
عائشہ شبیر نے کہا کہ ملک کی خود مختاری بیچ دی گئی۔ دہشت گرد، قاتل غنڈے اور ٹیکس چور پورے ملک کو یرغمال بنا چکے ہیں۔ کرپشن ان حکمرانوں کا یک نکاتی ایجنڈا ہے۔ عوامی مسائل کا حل ان قاتل حکمرانوں کی آپشن نہیں ہے۔ اس لئے عوام کو اس ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہو گا۔ 8جون کو منڈی بہاؤ الدین کرپٹ لوگوں کے سیاسی کردار کو ختم کر دیں۔ قوم قاتل، ظالم اور منافق حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔ عائشہ شبیر نے کہا کہ مفاد پرست سیاستدانوں کی رسہ کشی اور ذاتی مفادات کے کھیل نے عوام کے مفادات کو پس پشت ڈال رکھا ہے۔ جس سے پچھلے 7 دھائیوں سے غریب عوام کے حقوق کا استحصال ہو رہا ہے۔ موجودہ خراب ملکی حالات میں سب سے زیادہ خواتین کا طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔ 8 جون کو خواتین کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے نکلنا ہو گا اور ان چور حکمرانوں کو مسترد کر کے عوام کے حقیقی نمائندوں کو ووٹ دے کر خوشحالی کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمیشہ سیاست نہیں، ریاست بچاؤ کا نعرہ لگا کر اس قوم کو متحد کیا ہے۔ انتخابی جلسے سے NA-108کے امید وار اعظم گجر، راجہ ندیم، مشتاق احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔


تبصرہ