تھانہ کلچر تبدیل کرنے کے دعوے کرنے والوں نے پولیس کے ذریعے نہتے شہریوں کو مروانے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے
عوامی تحریک راولپنڈی سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے
گی جس کے لئے رابطوں کا آغاز کردیا گیا ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کا حساب لینے کے لئے 14 جون کو اسلام آباد میں بڑے
پیمانے پر احتجاجی ریلی ہوگی
عوامی تحریک پی پی 11 کے زیراہتمام ورکر کنونشن سے مولانا میر محمد زمان قادری، ملک
کوثر اعوان، مقصود عباسی، حاجی عبدالغفور اور ایاز عباسی کا خطاب

راولپنڈی (27 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ارشد مصطفوی، نذیر ہزاروی اور غلام علی خان نے کہا ہے کہ موجودہ اقتدار پرست حکمرانوں نے امن و امان کے محافظ ادارے کو امن عامہ کیلئے سب سے بڑا خطرہ بنا دیا۔ تھانہ کلچر تبدیل کرنے کے دعوے کرنے والے وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کے محافظوں کے ذریعے نہتے شہریوں کو مروانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، جس کا واضح ثبوت سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ ڈسکہ کی صورت میں قوم کے سامنے ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی تحریک پی پی 11 کے زیراہتمام ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمولانا میر محمد زمان قادری، ملک کوثر اعوان، مقصود عباسی، حاجی عبدالغفور، ایاز عباسی، شکیل عباسی، منور اقبال، عارف چوہدری، شفیق باجوہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے خون کا حساب لینے کے لئے 14 جون کو اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلی ہوگی، جس میں بھر پور شرکت کی جائے گی۔ موجودہ خاندانی جمہوری نظام کی وجہ سے ملک خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پنجاب کے محب وطن عوام، سول سوسائٹی اور پڑھے لکھے نوجوانوں نے لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کا راستہ نہ روکا تو قتل و غارت گری کی یہ آگ ہر گھر کی دہلیز تک پہنچ جائے گی۔ حکمرانوں کو عوام کی بجائے غیر ملکی بنکوں کی تجوریاں بھرنے کی فکر ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ ڈسکہ اور صحافیوں پر تشدد کے واقعات کے پیچھے موجودہ نام نہاد جمہوری حکمران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی شہداء کے قتل کی ایف آئی آر مظلوموں کے خلاف درج ہوئی، سانحہ ڈسکہ میں بھی پولیس نے مقتول کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک راولپنڈی سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرے گی جس کے لئے رابطوں کاآغاز کردیا گیا ہے۔


تبصرہ