اگر حکومت آرمی کو غیر جانبدار ادارہ سمجھتی ہے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے: میاں کاشف محمود

فیصل آباد (22 مئی 2015ء) تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم میاں کاشف محمود نے کہا ہے کہ ہمارے خدشات سچ ثابت ہوئے کہ موجودہ قاتل حکمرانوں کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں ملے گا۔ جے آئی ٹی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کی بجائے قاتلوں کو تحفظ دیا۔ غیر ملکی سفارتکاروں، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں، یورپی یونین سمیت انصاف کے ہر فورم سے رجوع کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی67 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمیاں عبدالقادر، عزیزالحسن اعوان، رانا ناصر نوید، سہیل مقصود، کاشف ایاز، غلام محمد قادری، ملک عثمان، محمد ارشد اور ناصر وارثی بھی موجود تھے۔
میاں کاشف محمودنے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ ساز میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، ایف آئی آر میں نامزد وفاقی وزراء اور رانا ثناءاللہ ہیں۔ جے آئی ٹی میں ڈھٹائی کے ساتھ جھوٹ بولا گیا اور حقائق مسخ کیے گئے۔ جے آئی ٹی نے سکرپٹ کے مطابق لکھی گئی رپورٹ جمع کروائی۔ انہوں نے کہا کہ بہت صبر کرلیا اب قاتل اور ظالم حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئینگے اور 24 مئی بروز اتوار شام 4 بجے پریس کلب کے سامنے انصاف کیلئے پرامن احتجاج کرینگے۔ ہمیں سمجھ آگئی ہے کہ موجودہ حکمران صرف احتجاج کی زبان سمجھتے ہیں۔ حکومت کا اگر آرمی پر اعتماد ہے اور اسے غیر جانبدار ادارہ سمجھتی ہے تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ فوجی عدالت میں چلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن پلاننگ کے ساتھ کیا گیا اسی طرح جے آئی ٹی کی رپورٹ بھی پیشگی مرتب کی گئی۔ جے آئی ٹی کی ہر سطر اور ہر لفظ میں جھوٹ بولا گیا، یہ جے آئی ٹی بنائی ہی قاتلوں کو کلین چٹ دینے کیلئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جسٹس سید علی باقر نجفی جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر کہا تھا کہ اگر میری طرف اشارہ بھی ہوگیا تو مستعفی ہو جاؤنگا مگر اب 8 ماہ سے وہ اس رپورٹ کو دبا کر بیٹھے ہوئے ہیں۔


تبصرہ