6 بچوں کی اموات کادلخراش واقعہ، ذمہ دار نااہل حکمران ہیں۔ عوامی تحریک
شہباز دور حکومت میں آتشزدگی کے 55 ہزار واقعات میں 6 سو شہری جاں
بحق ہوچکے
40 ارب کا نقصان اور 35 سو شہری معذور ہوئے، 15 ہزار واقعات کے ساتھ لاہور سرفہرست
نوٹس لینے کے ماہر وزیراعلیٰ نے آتشزدگی کے واقعات کا نوٹس نہ لے کر مجرمانہ اقدام
کیا، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور
لاہور (17 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور
نے لاہور میں آتشزدگی کے نتیجے میں 6 بچوں کی اموات کے دلخراش واقعہ پر گہرے دکھ کا
اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائربریگیڈ کا عملہ بروقت پہنچ جاتا تو ایک ہنستا بستا گھر
اجڑنے سے بچ سکتا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے انسانی زندگیاں بچانے والے محکموں کی تربیت
کرنے کی بجائے ’’نوٹس‘‘ لینے کے ڈراموں میں 7 سال ضائع کردئیے، انسانی زندگیاں بچانے
کے منصوبے پنجاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈا میں شامل ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی
اموات کے قتل کا مقدمہ، نئی گاڑیاں اور جدید سازوسامان مہیا نہ کرنے والے حکمرانوں
کے خلاف درج ہونا چاہیے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے پاس مصدقہ سرکاری معلومات ہیں کہ شہباز حکومت کے 7سالہ دور حکومت میں پنجاب بھر میں آتشزدگی کے 55 ہزار واقعات میں 6 سو سے زائد شہری جاں بحق اور 35 سو شدید زخمی اور معذور ہوئے، 42 ارب روپیہ کا نقصان ہوا، 15 ہزار سے زائد آتشزدگی کے واقعات کے ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب کا شہر لاہور سرفہرست ہے۔ جہاں 142 شہری جاں بحق ہو چکے، آتشزدگی کے 19 ہزار سے زائد واقعات، کمرشل مارکیٹوں اور 17 ہزار سے زائد واقعات رہائشی علاقوں میں رونما ہوئے مگر ان وسیع تر نقصانات اور آتشزدگی کے واقعات کے باوجود شہباز حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ نوٹس لینے کے ماہر وزیراعلیٰ نے 7 سال میں ہونے ولے 55 ہزار واقعات کا نوٹس نہ لے کر مجرمانہ اقدام کیا اور تواتر سے ہونے والے ان واقعات کی وجوہات جاننے اور سدباب کیلئے کوئی حکمت عملی وضع نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ 40 فیصد واقعات شارٹ سرکٹ سے ہوئے مگر آج تک گھٹیا کوالٹی کی وائر تیار کرنے، بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہو ئی اور نہ ہی اسی حوالے سے کوئی قانون سازی کی گئی۔


تبصرہ