عوامی تحریک کے وفدکی گلگت بلتستان میں اسماعیلی رہنماؤں سے ملاقات، کراچی سانحہ پر اظہار تعزیت
وفد نے ڈاکٹر رحیق عباسی کی سربراہی میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعزیتی خط پہنچایا، دہشتگردی کی مذمت
لاہور
(13 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے گلگت
بلتستان میں وفد کے ہمراہ اسماعیلی عبادت گاہ میں مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی، وفد
میں ساجد بھٹی اور شہزاد نقوی و دیگر مقامی رہنماء شامل تھے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
نے کراچی صفورا چورنگی پر ہونے والے المناک سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے
کہا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار
کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے اسماعیلی کمیونٹی کے لوگ محب وطن اور امن پسند شہری ہیں ان پر حملہ گہری سازش ہے، اس حملہ پر پوری قوم غم زدہ ہے، یہ حملہ کسی کمیونٹی پر نہیں پاکستانیوں اور انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے بدترین دشمن ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں، نہتے شہریوں پر حملہ کرنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ حکمران نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ پرامن اسماعیلی کمیونٹی پر حملہ ملک میں فرقہ ورانہ فسادات کو ہوا دینے کی گہری سازش ہے۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اسماعیلی روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کے نام کراچی سانحہ پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعزیتی خط بھی پہنچایا۔


تبصرہ