فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سٹی آفس میں گیارہ مئی یوم سیاہ کی تقریب

فیصل آباد (پ ر) پاکستان عوامی تحریک ضلع فیصل آباد کے زیراہتمام 11 مئی 2013ء کے فراڈ الیکشن پر یوم سیاہ کی مرکزی تقریب سٹی آفس پاکستان عوامی تحریک میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت ضلعی صدر پاکستان عوامی تحریک رانا طاہر سلیم خاں نے کی۔ تقریب سے پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد کے ضلعی آرگنائزر میاں ریحان مقبول، ضلعی ناظم میاں کاشف محمود، میاں عبدالقادر، چوہدری ناصر حبیب ایڈووکیٹ نے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے الیکشن سے پہلے جب ڈاکٹر طاہرالقادری غیرآئینی الیکشن کمیشن کی تشکیل کے خلاف لانگ مارچ اور عدالت گئے تھے اس وقت سیاسی جماعتوں نے ان کا مذاق اڑایا، آج وہی دھاندلی کا رونا رو رہی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ 2013ء کا الیکشن پاکستان کی تاریخ کا بدترین الیکشن تھا اور اس میں دھاندلی کے ریکارڈ قائم ہوئے۔ این اے 122 کی مثال سب کے لئے آئینہ ہے۔ اس الیکشن میں جمہوری دلہن کا منہ کالا کر کے پاکستان بھر میں پھیرایا ہے اور الیکشن کے فوری بعد تمام سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کا رونا شروع کیا تو یہ جمہوری دلہن اپنا بناؤ سنگھار کھو بیٹھی۔ پاکستان عوامی تحریک نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر شائع کیا ہے۔ چھ ماہ میں بجلی کا بحران حل کرنے کے دعوے دار اب 2018ء کی تاریخ دے رہے ہیں، گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی اٹھارہ، اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع ہو چکی ہے۔ پاکستان کی معیشت پہلے سے بھی ابتر ہے اور دوسالوں میں حکومت بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہوئی ہے۔ ملک میں دہشت گردی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور لاقانونیت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں مگر حکومتی وزیر، مشیر سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اگر اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے تو انہیں ڈاکٹر طاہر القادری کی فکر کو اپنانا ہوگا۔ انتخابی خامیاں جس کا تذکرہ ڈاکٹر طاہر القادری دہائیوں سے کر رہے ہیں انہیں حل کئے بغیر شفاف الیکشن کی امید رکھنا خواب ہوگا۔ تقریب سے غلام محمد قادری، ملک سرفراز قادری، ملک شبیر ایڈووکیٹ، میاں ظہور احمد،مذمل جٹ، محمد فاروق طور، چوہدری عبدالحفیظ نقشبندی، رانا جاوید ، میاں ضیاء الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔


تبصرہ