شہید کارکنوں کا بدلہ اور 11مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، عوامی تحریک، تحریک انصاف
اعجاز چوہدری کی وفد کے ہمراہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ
میں بشارت جسپال سے ملاقات
ن لیگ پنجاب میں آرگنائزڈ کرائم میں ملوث ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاج کریں
گے، اعجاز چوہدری

لاہور (7 مئی 2015) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے صوبائی صدر پنجاب اعجاز چوہدری کی قیادت میں عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صوبائی بشارت جسپال سے ملاقات کی۔ اعجاز چوہدری نے عوامی تحریک کی طرف سے 11 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے اعلان کی حمایت کی اور کہا کہ تحریک انصاف پنجاب کے حکمرانوں کے مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔ موجودہ حکمران پاکستان کی تاریخ کے ناکام ترین حکمران ہیں ان کے خلاف فیصلہ کن جدوجہد کی گھڑی آگئی، ن لیگ کے حکمران تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے قاتل ہیں، شہید کارکنوں کا مل کربدلہ لیں گے، ن لیگ سیاسی کارکنوں کے خلاف ریاستی طاقت کا بے رحمانہ استعمال کر رہی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا بد ترین واقعہ ہے جس میں پنجاب کے حکمران براہ راست ملوث ہیں۔ خون ناحق بہایا گیا جسے بُھلایا نہیں جا سکتا۔ 9 ماہ ہو گئے ابھی تک ایف آئی آر کے علاوہ کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف کے وفد میں خرم شہزاد، زاہد چوہدری شامل تھے۔ عوامی تحریک کی طرف سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری پنجاب مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، راجہ ندیم، عبد الحفیظ چوہدری شامل تھے۔ وفد میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی خیریت دریافت کی اور انکی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ بشارت جسپال نے کہا کہ جس طرح فرعون نے اپنا تخت بچانے کیلئے بچوں کو ذبح کروایا اسی طرح پنجاب کے حکمران اقتدار بچانے کیلئے بے گناہ شہریوں کو شہید کر رہے ہیں، فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے کارکن حق نواز کو شہید کرنے والے ہی ماڈل ٹاؤن میں 14 بے گناہوں کے قاتل ہیں۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہم جذبہ خیر سگالی کے تحت آئے ہیں، 11 مئی کو ڈویژنل ہیڈ کواٹرز پر یوم سیاہ منائیں گے اور حکمرانوں کے مظالم کے خلاف احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا مینڈیٹ جعلی ہے جس کی حقیقت NA-125 کے فیصلے سے آشکار ہو گئی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقاتیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


تبصرہ