میڈیا آمرانہ قوتوں کے خلاف مؤثر آواز ہے، بیداری شعور اور نظام کی تبدیلی کیلئے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے: محمد اقبال چوہدری
آزاد اور متحرک میڈیا پاکستان عوامی تحریک کی پالیسی کا لازمی
عنصر ہے: نوید احمد اندلسی
میڈیا کے کردار اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا: یوسف چوہدری

بارسلونا (3 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری، منہاج القرآن سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک سپین راحیل اکرم ایڈووکیٹ، سیکرٹری کوآرڈینیشن پاکستان عوامی تحریک سپین و نمائندہ قیادت نیوز محمد افضال گوندل، جوائنٹ سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک سپین عمران آفتاب نے سیکرٹری میڈیا یوسف چوہدری سے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا جس میں عالمی میڈیا سمیت سپین کے اردو میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے کردار کو سراہا گیا۔ اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے صحافی برادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی مسائل پر بہت بہتر طریقے سے عوام کی نمائندگی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام، کرپٹ نظام کے خاتمے اور آئینی وجمہوری حقوق کی جدوجہد کے لیے بیداری شعور کی مہم میں صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہمیشہ آمرانہ قوتوں کے خلاف ایک مؤثر آواز رہا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، بہت سے قابل قدر صحافیوں نے پاکستان میں جمہوریت اور حق کی آواز بلند کرنے کی پاداش میں بہت بڑی قیمت جھکائی ہے اور کئی ایک نے تو اپنے اصولوں کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی بھی پیش کی ہے لیکن کبھی بھی جبرو استبداد کے سامنے نہیں جھکے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی نے بتایا کہ 3 مئی بروز اتوار لاہور میں منعقد ہونے والے پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے اجلاس میں بھی پاکستان بھر سے شریک 700 سے زائد عہدیداران نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے، خصوصی طور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران میڈیا کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے PAT کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر قائدین نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دوران منہاج القرآن انٹرنیشنل پر دہشتگردی کا لیبل لگانے کے لیے تیار کردہ حکومتی منصوبہ کو ناکام کرنے میں صحافیوں نے جس طرح جان ہتھیلی پر رکھ کر پنجاب پولیس اور حکومت کی غنڈہ گردی کو بے نقاب کیا اس پر پاکستان کے تمام نڈر صحافیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ نوید احمد اندلسی نے کہا کہ آزاد اور متحرک میڈیا پاکستان عوامی تحریک کی پالیسی کا لازمی عنصر ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک سپین کے سیکرٹری جنرل راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے کہا کہ جب بھی جمہوریت پر کسی طالع ازما نے شب خون مارا تو سیاستدانوں کے ساتھ ساتھ صحافی برادری پر بھی قدغن لگائے گئے لیکن صحافی برادری نے پوری جانفشانی کے ساتھ ان ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کر کے جمہوریت کی بحالی کیلئے بے تحاشا قربانیاں پیش کیں جو کہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھی جائیں گے۔
سیکرٹری میڈیا یوسف چوہدری نے کہا کہ میڈیا کے کردار اور اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے شبانہ روز محنت کی ہے۔


تبصرہ