پیاز کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت 110 فیصد اضافہ ہو گیا: عوامی تاجر اتحاد
حکومت بحران پر قابو پائے اور پیاز کی مطلوبہ امپورٹ یقینی
بنائے:حاجی اسحاق
18 روپے کلو والا پیاز 50 روپے ہو گیا، ذمہ دار حکمران ہیں، ہنگامی اجلاس
لاہور (30 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک کے عوامی تاجر اتحاد کے چیئرمین حاجی اسحاق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور پنجاب حکومت کی لاپروائی کے باعث پنجاب میں پیاز کابحران شدت اختیار کر رہا ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال پیاز کی قیمتوں میں 110 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ گزشتہ سال پیاز کی فی کلو قیمت 18روپے تھی جو اس وقت 45 سے 50روپے کلو تک ہو چکی ہے جو غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے، جب بھی ریلیف کیلئے عوام کو حکومت کی طرف سے فوری فیصلوں کی ضرورت ہوتی ہے تو حکومت مجرمانہ رویہ اختیار کرلیتی ہے۔ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے رہنماؤں نے اس بحران کا ذمہ دار وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کو ٹھہرایا ہے جو انڈیا سے پیاز امپورٹ کرنے کے حوالے سے لائسنس ہولڈرز کو پرمٹ جاری نہیں کررہے۔ پرمٹ کے اجراء نہ ہونے کے باعث واہگہ بارڈر لاہور کے ذریعے پیاز کی امپورٹ میں 30 فیصد تک کمی واقع ہو چکی ہے جس کی سزا قیمتوں میں اضافے کی صورت میں غریب صارفین بھگتنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کی مطلوبہ امپورٹ میں مزید تاخیر ہوئی تو پیاز کی قیمتیں 60 سے 70روپے کلو ہو جائینگی۔ اجلاس میں حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، راشد چودھری، حافظ احمد سعید، شیخ عامر رفیع نے شرکت کی۔


تبصرہ