پنجاب حکومت کی لاپروائی سے ہر سال 20 ہزار آتشزدگی کے واقعات ہوتے ہیں: عوامی تحریک پنجاب
بوریوالہ میں 45 دکانیں جل گئیں، حکومت متاثرہ تاجروں کیلئے
پیکیج کا اعلان کرے
حکمرانوں کے پاس عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے والے اداروں کو اپ گریڈ کرنے کیلئے
فنڈز کیوں نہیں؟
لاہور (29 اپریل 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے بوریوالہ ساہوکا میں آتشزدگی کے نتیجے میں 45 سے زائد دکانوں کے نذرآتش اور تاجروں، دکانداروں کے کروڑوں روپے کے نقصان پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کی وجہ معلوم کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور جن تاجروں اور دوکانداروں کا نقصان ہوا ہے اس کے ازالے کیلئے پنجاب حکومت ان کی مالی مدد کرے اور انہیں پھر سے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی لاپروائی اور مجرمانہ غفلت کے باعث ہر سال 15سے 20 ہزار کے لگ بھگ آتشزدگی کے واقعات رونما ہوتے ہیں جن میں اربوں روپے کے نقصانات کے علاوہ قیمتی جانیں ضائع ہوتی جاتی ہیں مگر پنجاب حکومت نے آج تک فائر بریگیڈسسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور بروقت ریسکیو کرنے کے قابل نہیں بنایا جو پنجاب کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے موجودہ حکمرانوں کے پاس میٹروبسوں، میٹرو ٹرین جیسے منصوبوں کیلئے کھربوں روپے ہیں مگر جو محکمے براہ راست عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قائم کیے گئے انہیں اپ گریڈ کرنے، جدید مشینری اور تربیت کیلئے پیسے نہیں ہیں جو بے حسی اور مجرمانہ رویہ ہے۔


تبصرہ