کارکنوں کی باعزت رہائی حق اور سچ کی فتح ہے: ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور
لاہور کے 11 کارکنوں کے خلاف پولیس نے جھوٹے مقدمات درج کیے
تھے
1200 سے زائد کارکنان پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی کا شکار ہیں، رہنما
لاہور
(28 اپریل 2013) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری جنرل
خرم نواز گنڈاپور نے لاہور سے تعلق رکھنے والے 11 کارکنوں کی باعزت رہائی پر کہا کہ
کارکنوں کی رہائی حق اور سچ کی فتح ہے۔ کارکنوں کو 17 جون سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف
پرامن احتجاج کرنے پر پولیس نے شاہدرہ سے گرفتار کیا اور پنجاب حکومت کے ایما پر
7ATA کی دفعات لگائیں، پولیس دہشتگردی کی عدالت میں 7ATA کا جرم ثابت نہ کرسکی
اور کیس مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیج دیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ فرخ فرید بلوچ نے پولیس
کے درج کیے گئے مقدمات کو غلط قرار دیتے ہوئے کارکنوں کی رہائی کا حکم دیا۔ عوامی
تحریک کے کارکنوں کی طرف سے نعیم الدین ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا
کہ کارکنوں نے عظیم قربانی دی، رہائی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں اس وقت صوبہ
کی مختلف عدالتوں میں 12 سو سے زائد کارکنوں کو پولیس کے درج کروائے گئے جھوٹے
مقدمات میں ٹرائل کیا جارہا ہے ان مقدمات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں انشاء اللہ
ہمارے کارکن یہاں بھی سرخرو ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 17 جون کے سانحہ
ماڈل ٹاؤن سے لیکر تاحال ہر دن عوامی تحریک کے قائدین اور کارکنوں کو انتقامی
کارروائیوں کا نشانہ بنایا اور ہم حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کا مقابلہ کر رہے ہیں
انشاء اللہ آخری فتح حق اور سچ کی ہو گی۔ ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض،
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری مشتاق نوناری
ایڈووکیٹ نے کارکنوں کی رہائی پر مسرت کا اظہار کیااور انہیں مبارکبادپیش کی۔


تبصرہ