حکمرانوں کے خلاف درج مقدمات حقائق پر مبنی ہیں: ڈاکٹر رحیق احمدعباسی
حکمرانوں کا دامن صاف ہے تو غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل کیوں نہیں
دیتے؟
مخالفین پر جھوٹے مقدمات درج کروانا ہی ن لیگ کی سیاست ہے
خواجہ سعدرفیق کی پریس کانفرنس پر ردعمل
لاہور (26اپریل 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن
میں 14شہریوں کو شہید کرنے والوں کے خلاف 302 کے سچے مقدمات درج ہیں جسکی تصدیق سانحہ
ماڈل ٹاؤن پر قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی ہوچکی ہے، یہ رپورٹ بلاوجہ نہیں چھپائی
گئی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے ن لیگ صرف تھانہ کچہری
کی سیاست کرتی ہے اور انکی سیاست کا خمیر ہی مخالفین پر جھوٹھے مقدمات درج کروانے سے
اٹھا ہے، تمام سیاسی مخالفین کے خلاف ن لیگ تھانے داروں کو استعمال کرتی ہے، 14اگست
2014 تک ہمارے 25 ہزار کارکنوں کو حبس بے جا میں رکھا گیا اور آج کی تاریخ تک 1200
سے زائد کارکنان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کروائے گئے اور جھوٹے مقدمات
میں ٹرائل ہو رہے ہیں جو پنجاب کے حکمرانوں نے درج کروائے۔ خواجہ سعد رفیق کوئی بھی
دعویٰ کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اگر سمجھتے ہیں کہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر انکے خلاف غلط درج ہوئی تو پھر وہ آج ہی وزیر اعظم، اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو مشورہ دیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کی تحقیقات کیلئے غیر جانبدار جے آئی ٹی تشکیل دیں تاکہ جنکے نام ایف آئی آر میں غلط طور پر درج ہوئے ہیں وہ نکالے جاسکیں اور حقیقی قاتل گرفت میں آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور اسکے لیڈر بے گناہ ہیں تو وہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں ہونے دے رہے، جسکی کاپی حاصل کرنے کیلئے ہم دو ماہ سے عدالت میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے خلاف 40 سے زائد جھوٹے مقدمات درج کروائے گئے اور ابھی تک انکا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد خاطر جمع رکھیں، ظلم کی اس اندھیری رات کا خاتمہ ہو گا، عدل اور انصاف کا سورج طلوع ہوگا اور قاتل اور لٹیرے ایوانوں میں نہیں زندانوں میں بیٹھے نظر آئیں گے، ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے خواجہ سعد رفیق کی پریس کانفرنس اور جھوٹے دعوؤں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ یہ جعلی دعوے قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ۔


تبصرہ